مظفرآباد (وقائع نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی منشور کمیٹی کے رکن، سابق طالب علم رہنما اور دارالحکومت مظفرآباد سے قانون ساز اسمبلی کی رکنیت کے امیدوار شاہد محمود وانی نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے “بورڈ آف پیس” میں شمولیت کی دعوت کا خیرمقدم کیا ہے۔ اخبار نویسوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شاہد محمود وانی نے کہا کہ یہ دعوت بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں پاکستان کے اہم اور مؤثر کردار کا واضح اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان آج عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ آج پاکستان کا کردار دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے، جبکہ طاقت کے جھوٹے گھمنڈ میں مبتلا ہندوستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو چکا ہے۔ شاہد محمود وانی کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی صورتحال ایک عالمی جنگ کے خدشات کو جنم دے رہی تھی.
تاہم امریکی صدر کے چند دانشمندانہ فیصلوں نے اس خطرناک صورتحال کو بظاہر کچھ عرصے کے لیے مؤخر کر دیا ہے۔ سابق طالب علم رہنما نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اپنے بڑھتے ہوئے عالمی کردار کو مسئلہ کشمیر کے پائیدار، منصفانہ اور باعزت حل کے لیے بھی مؤثر انداز میں استعمال کرے گا، تاکہ خطے میں دیرپا امن کی راہ ہموار ہو سکے۔