وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سے پاکستان پیپلز پارٹی علماء و مشائخ ونگ کے وفد کی ملاقات

62

مظفرآباد (سٹیٹ ویوز) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے پاکستان پیپلز پارٹی علماء و مشائخ ونگ کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ فضل رسول طاہر کی قیادت میں ایک اہم وفد نے ملاقات کی۔وفد میں اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبران مولانا عتیق الرحمن دانش، مولانا سید غلام مجتبیٰ بخاری، مولانا محمد آصف بلوچ سمیت دیگر علما و مشائخ شامل تھے.

ملاقات کے دوران وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو علما و مشائخ کونسل کی جانب سے مذہبی رواداری، بین المسالک ہم آہنگی اور معاشرتی امن کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے عملی اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت کا بنیادی ہدف ایک پرامن، مستحکم اور باہمی احترام پر مبنی معاشرے کی تشکیل ہے۔

معاشرتی رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہداء کی جماعت ہے جو ہمیشہ بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور شہری آزادیوں کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینِ اسلام ہمیں انسانیت، برداشت، تحمل اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اور حکومت ان اسلامی اقدار کی روشنی میں معاشرے میں محبت اور یکجہتی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں