وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اپنے پہلے تین روزہ سرکاری دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے

57

سکردو، 10 مئی: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام جمعہ کو وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کا چارج سنبھالنے کے بعد پہلے تین روزہ سرکاری دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا سکردو ایئرپورٹ پہنچنے پر سینئر سرکاری افسران اور پاکستان مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے رہنماؤں نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تین روزہ دورے کے دوران وفاقی وزیر گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ، گورنر، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرنے کے علاوہ خطے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کریں گے۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے سکردو ایئرپورٹ پر پاکستان مسلم لیگ گلگت بلتستان کی قیادت اور کارکنوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔

وفود نے وفاقی وزیر کا پہلے دورے پر پرتپاک استقبال کیا اور گلدستے پیش کیے۔ ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کو گلگت بلتستان کے لوگوں سے خصوصی لگاؤ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملک میں معاشی خوشحالی لانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مجھے گلگت بلتستان کے لوگوں سے ان کے مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے یہاں آ کر خوشی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور گلگت بلتستان حکومت کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے وفاقی حکومت گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ رابطوں کو مضبوط کرے گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام انتہائی مخلص، دیانتدار اور امن پسند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اپنی قدرتی خوبصورتی اور متنوع ثقافت کی وجہ سے بڑی تعداد میں ملکی اور بین الاقوامی سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے ایک بہترین موقع ہے-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں