راولاکوٹ(بیورو رپورٹ)ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام پونچھ ڈویژن میں خواتین کاروباری افراد اور کاروبار سے وابستہ خواتین کے لیے مہوش میر کی صدارت میں ایک تفصیلی اور جامع آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس کا مقصد خواتین کو کاروباری مواقع، درپیش چیلنجز اور دستیاب حکومتی سہولیات سے آگاہ کرنا تھا، تاکہ وہ معاشی میدان میں زیادہ مؤثر اور خودمختار کردار ادا کر سکیں۔
آگاہی سیشن کی صدارت مہوش میر، ڈائریکٹر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد جموں و کشمیر، نے کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو اجتماعی کاوشوں اور باہمی تعاون کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کا مضبوط معاشی کردار نہ صرف علاقائی بلکہ قومی ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے، اور ویمن چیمبر اس مقصد کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔
مہوش میر نے واضح کیا کہ ویمن چیمبر خواتین تاجروں اور کاروباری خواتین کے مسائل اجاگر کرنے، ان کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کاری، اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے، جبکہ آئندہ بھی یہ جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد زاہد خان، سیکرٹری ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد جموں و کشمیر، نے ویمن چیمبر کے قیام سے اب تک کی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ویمن چیمبر آزاد کشمیر میں خواتین کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا آیا ہے اور مستقبل میں بھی خواتین کی معاشی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
محمد زاہد خان نے کہا کہ منیجنگ کمیٹی کی ہدایات اور محکمہ صنعت، حکومت آزاد جموں و کشمیر کی پالیسی کے مطابق آئندہ مرحلے میں کاروباری رجسٹریشن، ٹیکسیشن سے متعلق آگاہی، مالی وسائل تک رسائی، ہنر مندی میں اضافہ، مارکیٹ لنکیجز اور خواتین دوست پالیسی اصلاحات پر مبنی منظم پروگرامز شروع کیے جائیں گے۔ سیشن کے دوران خواتین کاروباری افراد نے کھل کر اپنے تجربات، مسائل اور تجاویز پیش کیں۔ خاص طور پر سرمائے تک رسائی، کاروبار میں سہولت کاری، مہارتوں کے فروغ اور منڈیوں تک رسائی جیسے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے حکومت آزاد جموں و کشمیر کے اس کردار کو سراہا جس کے تحت خواتین کے لیے معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار میں شمولیت کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ضلعی اور تحصیل سطح پر مزید آگاہی سیشنز، مسلسل رہنمائی، اور سرکاری و نجی شعبے کے باہمی تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ دور دراز علاقوں کی خواتین بھی معاشی دھارے میں مؤثر انداز سے شامل ہو سکیں۔
آخر میں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد جموں و کشمیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آزاد کشمیر میں خواتین کی مالی خودمختاری، کاروباری استحکام اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔ سیشن کا اختتام شرکاء کے شکریے اور اس مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا کہ خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی معاشی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔