لندن (سٹیٹ ویوز)مملکت خداداد پاکستان ،آزاد جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں پاکستانیوں کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم و محکوم عوام کیساتھ یکجہتی کے بھر پور اظہار کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔عملی اقدامات کے نتیجے میں ان شااللہ غلامی کی زنجیریں توڑنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ان خیالات کا اظہار کشمیر المسلمز کے چیئرمین اور جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے امور خارجہ کے نمائندہ نذیر احمد قریشی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پر جس طرح پوری قوم یکجا اور متحد نظر آتی ہے.
اس سے بھارت اور اس کے حلیفوں کو یہ پیغام ضرور جاتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی رائے کے عین مطابق حل نہ کرنے کے نتائج انتہائی سنگین ہونگے اور نہ صرف اس خطے بلکہ اس مسئلے کی چنگاری کسی بھی وقت پوری دنیا کے خرمن امن کو خاکستر کرسکتی ہے ۔نذیر احمد قریشی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ ریاست میں جاری جدوجہد آزادی کو ظلم و جبر اور بھر پور سفاکیت کا مظاہرہ کرکے نہ صرف ختم کرنے کے اصول پر کار فرما ہے بلکہ اس کی مسلم اکثریتی شناخت تبدیل کرنے کیلئے بھی تیزی سے اقدامات کررہا ہے ۔
ان حالات میں 5فروری کو ریاست پاکستان کی طرف سے یکجہتی کا بھرپور پیغام جانا اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ پاکستان صرف تماشائی کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک واضح فریق کی حیثیت سے کشمیری عوام کیساتھ کھڑا ہے ۔انہوں نے صدر پاکستان ،وزیر اعظم پاکستان،وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر اور پاک افواج کے سپہ سالار کے آج کے دن کے حوالے سے بیانات اور پیغامات کو بھی سراہا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ عملی اقدامات کرکے اب کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو کا میابی سے ہمکنار کرنے کا وقت آگیاہے۔ان شا اللہ کامیابی اہل کشمیر کے قدم چومے گی۔