44

نیلم بریگیڈ کی جانب سے 20 ہزار پودے لگانے کی مہم کا آغاز

نیلم (سٹیٹ ویوز) نیلم بریگیڈ کی جانب سے 20 ہزار پودے لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا گیا، 3 سیکٹرز (سندوک، جمبر اور کنڈل شاہی) میں میگا شجر کاری مہم کر دی گئی ہے جس میں مقامی لوگوں اور طلباء نے فوج کے ساتھ بھرپور انداز میں شرکت کی. گیل گاؤں اور سندوک کے جنگلات میں لگنے والی حالیہ آگ کی زد میں آنے والے درختوں کے نقصان کی تلافی کے لیے ہر درخت کے عوض 15 پودے لگانے کا اعادہ کیا گیا۔

مقامی لوگوں میں بیداری پھیلانے کے لیے مہم شروع کرنے سے پہلے علاقے کے مختلف دیہاتوں میں پوسٹر اور پینافلیکس لگائے گئے اور پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔ شجرکاری کا آغاز ایک افتتاحی تقریب سے ہوا جس میں کمانڈنگ آفیسر اور محکمہ جنگلات کے نمائندوں نے مقامی کمیونٹی اور مختلف سکولوں کے طلباء کو جنگلات کی اہمیت کے بارے میں جامع لیکچر دیا اور پودا لگانے کے طریقہ کار کے متعلق رہنمائی کی۔

تقریب کے بعد ایک شجرکاری آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا تاکہ تقریب میں زیادہ سے زیادہ شہریوں کو شامل کیا جا سکے۔‏مقامی کمیونٹی، مختلف اسکولوں کے طلباء اور محکمہ جنگلات کے نمائندوں نے فوج کے ساتھ مذکورہ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ پوری کمیونٹی نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا اور اس مہم میں بھرپور انداز میں حصہ لینے کا عزم کیا۔زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے لیے شجر کاری مہم 30 مارچ 2024 تک جاری رہے گی جس میں بیس ہزار پودے لگائے جائینگے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں