24

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد جموں وکشمیر کے وفد کی چیئرمین پبلک سروس کمیشن جنرل ریٹائرڈ ہدایت الرحمن سےاہم ملاقات

مظفرآباد ( سٹیٹ ویوز)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد جموں وکشمیر کے وفد کی چیئرمین پبلک سروس کمیشن جنرل ریٹائرڈ ہدایت الرحمن سے ملاقات،بار نے چیئرمین اور سیکرٹری پبلک سروس کمیشن کی تقرری کو خوش آئند قرار دیا اور چیئرمین پبلک سروس کمیشن کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے آزاد جموں وکشمیر میں یہ اہم ذمہ داری قبول کی ۔ اس موقع پر صدر سپریم کورٹ بار راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن ایک مقدس ادارہ ہے جو آزاد جموں وکشمیر کے پڑھے لکھے اور غریب نوجوانوں کی امیدوں کا محور و مرکز ہے۔ پبلک سروس کمیشن ایکٹ رولز اور پالیسیوں میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ترامیم کی ضرورت ہے تاکہ سلیکشن پراسیس میں آخری حد تک شفافیت ہو اور لوگوں کا اس ادارے پر اعتماد بڑھے۔

صدر بار نے کہا کہ تحریری امتحان پاس کرنے والے تمام امیدواران سے انٹرویو لیا جانا چاہیے ۔اکیڈمک مارکس اور تحریری امتحان کے نمبروں کی بنیاد پر پہلے تین امیدواروں کو انٹرویو کیلئے بلائے جانے کی پالیسی میں ترمیم کی ضرورت ہے چونکہ سمسٹر سسٹم اور سالانہ امتحان کے ذریعہ کامیاب ہونے والے امیدواران کے نمبروں میں واضح فرق ہوتا ہے ۔ امیدواران کے سلیکشن کے بعد انکا سائیکالوجسٹ ٹیسٹ بھی ضروری ہے آیا یہ امیدوار اس آسامی پر کام کرنے کے لئے نفسیاتی طور اہل ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار اس ادارہ کو مضبوط بنانے میں اپنا بھر پور اور مثبت کردا ادا کریگی پبلک سروس کمیشن کے آزاد اور غیر جانبدار کردار سے آزاد جموں وکشمیر کی سول سروسز کا سٹریکچر بہتر ہوگا ۔

لوگوں کا نظام اور حکومت پر اعتماد بڑھے گا اور ریاست کے ساتھ تعلق مضبوط ہو گا ۔ راجہ سجاد نے کہا کہ گذشتہ ادوار میں 2 چیئرمین صاحبان کے عرصہ میں لوگوں کااس ادارے پر اعتماد قائم ہوا تاہم اس ادارہ میں انتظامی پوسٹوں پر بھی براہ راست سلیکشن کے ذریعہ تقرریوں کی ضرورت ہے۔چیئرمین پبلک سروس کمیشن نے اس موقع پر کہا کہ حقدار کو اسکا حق ضرور ملے گا ۔ پبلک سروس کمیشن ایکٹ ، رولز اور پالیسیوں کا جائزہ لے رہیں ہیں ۔ مثبت تبدیلیاں لائیں گے۔ سول سرونٹس کی سلیکشن میں امیدوار کی اہلیت کے ہر پہلو کو جانچ کر سلیکشن کریں گے آنے والے 3 ماہ میں ایک لاکھ سے زائد امیدواران سے مختلف آسامیوں کے خلاف ٹیسٹ انٹرویو لیا جائے گا اور ڈویژنل ہیڈکواٹرز پر امتحانات کا شیڈول جاری کر رہے ہیں ۔ وفد میں سپریم کورٹ بار کے جائنٹ سیکرٹری جمشید احمد بٹ، ممبر ایگزیکٹو کمیٹی خالد نقشبندی، اور چیئرمین سیمینار ولیکچر کمیٹی راجہ ضیغم افتخار شامل تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری پبلک سروس کمیشن
عبد الستارخان بھی موجود تھے-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں