17

عمران خان بہت جلد باہر آ کر پاکستان کو دوبارہ ایک مستحکم ملک بنائیں گے، خواجہ فاروق احمد

مظفرآباد(سٹیٹ ویوز)پاکستان تحریک انصاف کے قیام کے 28 سال پورے ہو گئے، ان 28 سالوں میں پاکستان کی سیاست میں بہت تبدیلیاں آئیں جن میں س سے نمایاں، جاندار اور واضح تبدیلی آئی کہ 24 کروڑ عوام کو عمران خان نے شعور دیا، جرات دی اور اپنے حق کیلئے ڈٹ جانے کی ہمت و حوصلہ دیا، ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری،اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے تحریک انصاف کے قیام کے 28 سال مکمل ہونے پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

انہوں نے کہا آج آزادکشمیر اسمبلی کا بالآخر اجلاس بھی منعقد ہونے جا رہا ہے اور تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی رہائی کیلئے ایک قرارداد بھی کئی دن قبل جمع کرا دی گئی تھی کہ ہم کشمیری سمجھتے ہیں کہ اگر کشمیر کے حوالہ سے کسی پاکستانی حکمران نے بھارتی حکمرانوں کو لکارنے کی جرات و حوصلہ ہے تو وہ صرف اور صرف عمران خان ہی ہے.

اس لیے ہم کشمیری بھی چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک مضبوط، مستحکم ملک کی حیثیت سے اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے اور وہ صرف اور صرف عمران خان کی قیادت میں ہی ممکن ہو سکتا ہے۔ خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ اسمبلی کے اجلاس میں ہم توقع رکھتے ہیں کہ عمران خان کی غیر مشروط، باعزت رہائی کیلئے قرارداد منظور ہو گی کہ اب پوری قوم جان چکی ہے کہ عمران خان کو الیکشن پراسیس سے دور رکھنے کیلئے جھوٹے مقدمات بنائے گئے تھے.

ایک دن میں ہی ان جھوٹے مقدمات میں سزا سنائی گئی تھی جس کا پول آخر کار کھل گیا لیکن 8 فروری کو پاکستان کے باشعور عوام نے ان سب سازشوں کا منہ توڑ جواب عمران خان کے حق میں ووٹ دے کر دیا، عمران خان بہت جلد باہر آ کر پاکستان کو دوبارہ ایک مستحکم ملک بنائیں گے اور ہم کشمیری بھی بھارت کے قبضہ سے نجات بالآخر حاصل کر لیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں