47

تحصیل پٹہکہ کے نواحی گاوں پرسچہ جنگلی چیتوں کا مسکن،قیمتی انسانی جانوں‌کو خطرات لاحق

پٹہکہ/مظفرآباد( سٹیٹ ویوز)تحصیل پٹہکہ کے نواحی گاوں پرسچہ کو جنگلی چیتوں نے اپنا مسکن بنا لیا۔ جنگلی درندوں کا ٹھکانہ عین آبادی کے وسط میں ہے جو لوگوں کے لاکھوں روپے کے قیمتی پالتو جانوروں کو اپنی خوراک بنا چکے ہیں۔ قیمتی انسانی جانوں کو بھی ان جنگلی درندوں سے شدید خطرات لاحق۔ اہلیان علاقہ نے محکمہ وائلڈ لائف وفشریز کو ان درندوں کے آبادی سے انخلا کے لیے تین دن کا نوٹس دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اہلیان علاقہ موضع پرسچہ نے گزشتہ روز سیکرٹری وائلڈ لایف وفشریز کو ایک درخواست کے ذریعے آبادیوں سے جنگلی چیتوں کے انخلاء کے اقدامات اٹھانے کا نوٹس دیدیا ہے۔ جس میں انہوں موقف اپنایا ہے کہ اگر تین دن کے اندر ان درندوں کے انخلاء کا بندوبست نہ کیا گیا تو نہ صرف انہیں ہلاک کر دیا جائیگا بلکہ محکمہ کے خلاف لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کرنے کی قانونی چارہ جوئی بھی کی جائیگی۔

اہلیان علاقہ کااظہار ہے کہ اسوقت موضع پرسچہ کے مختلف مقامات پر تقریباً 06سے 08کے قریب خطرناک جنگلی چیتے موجود ہیں۔جہاں پر وہ روزانہ کی بنیاد پر ان کے لاکھوں روپے کے قیمتی پالتو جانوروں کواپنی خوراک بناتے ہیں۔ بطور ذمہ دار شہری اہل علاقہ نے بار ہامحکمہ وائلڈ لائف کی توجہ جانب مبذول کروائی ہے لیکن محکمہ کی جانب سے ان چیتوں کے آبادی سے انخلااور لوگوں کے نقصانات کے ازالہ کے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔

ان خطرناک درندوں سے انسانی جانوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔ اس لیے محکمہ وائلڈ لائف فوری طور پراس اہم مسئلہ کی جانب توجہ دے کیونکہ انسانی جانوں سے زیادہ کسی بھی جنگلی حیات کی اہمیت نہیں۔ اہلیان علاقہ نے یہ بھی کہا ہے کہ لوگوں کے نقصانات کے ازالہ کے لیے الگ طور پر قانونی چارہ جوئی بھی کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے جب سٹیٹ ویوز نے سیکرٹری وائلڈ لائف و فشریز مظہر فاروق جنجوعہ سے بات کی تو انھوں نے کہا کہ درخواست موصول ہونے کے بعد فورا قیمتی انسانی جانوں کے بچاؤ کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دیں کہ وہ نایاب جنگلی جانوروں سمیت انسانی جانوں‌کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں.جس پر محکمانہ کاروائی شروع کر دی گئی ہے .

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں