44

سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل کا کشمیر سنٹر راولاکوٹ کا دورہ،تحریک آزادی میں‌ پونچھ کے عوام کے کردار کو ناقابل فراموش قرار دے دیا

راولاکوٹ (سٹیٹ ویوز)تحریک آزادی جموں و کشمیر میں پونچھ کے غیور عوام کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ پونچھ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی دھرتی ہے جنہوں نے کشمیری قوم کی قیادت کرتے ہوئے اپنے جاندار کردار سے تحریک آزادی کشمیر کو تقویت بخشی۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل وجاہت رشید بیگ نے کشمیر سنٹر راولاکوٹ کا دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر محمد سرفراز عباسی ڈپٹی ڈائریکٹر و انچارج کشمیر سنٹر راولاکوٹ ، فرحان قیوم عباسی اسسٹنٹ ڈائریکٹر، مدثر عباسی اسسٹنٹ ڈائریکٹر، نعیم انور اور عبدالوہاب بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان الحاق پاکستان کے داعی تھے ۔اور ان کی رہائش گاہ سری نگر کے مقام پر 19جولائی کو الحاق پاکستان کی قرارداد منظور ہوئی۔

صدر آزاد ریاست جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کی خصوصی ہدایت پر کشمیر سنٹر راولاکوٹ کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کے ظلم وستم کا نشانہ بننے والے معصوم کشمیریوں کی آواز بلند کرنا اور حق خود ارادیت کےلئے عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پونچھ کی دھرتی عظیم لوگوں کی دھرتی ہے جنہوں نے تحریک آزادی جموں و کشمیر میں اپنا دلیرانہ کردار ادا کیا، آج نوجوانوں کو اپنے اسلاف کے کارناموں کو سامنے رکھ کر بھارت کا مکرو چہرہ دنیا کے سامنے لاناچاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں