بالی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ امریتا راؤ نے ماضی میں انکشاف کیا تھا کہ کس طرح وہ بالی وڈ کے سپر اسٹارز سلمان خان اور ہریتھک روشن کے ہمراہ ہیروئن آتے آتے رہ گئی تھیں۔امریتا راؤ آج اپنی 42 ویں سالگرہ منارہی ہیں، اس حوالے سے بھارتی میڈیا پر اداکارہ کے اعزاز میں ان کے کیرئیر اور زندگی پر تحریریں شائع ہوئیں۔
ان ہی میں سے ایک میں بتایا گیا کہ کس طرح امریتا اپنے کیرئیر کی دو بڑی فلموں سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔بھارتی میڈیا کو دیے گئے پرانے انٹرویو کے دوران امریتا راؤ نے بتایا کہ ‘مجھے ہریتھک کے مقابل فلم کرش میں ہیروئن آنے کی پیشکش ہوئی تھی جسے میں نے قبول بھی کرلیا تھا، میرا اور ہریتھک کا فلم کے لیے فوٹو شوٹ ہوا’۔
اداکارہ نے انکشاف کیا ‘فوٹو شوٹ میں کہیں بھی میری اور ہریتھک کی کیمسٹری دکھائی نہ دی، ہدایتکار کا کہنا تھا کہ میں ہریتھک کے سامنے کافی چھوٹی دکھائی دے رہی ہوں جس کے بعد میں اس فلم میں کام نہ کرسکی جسے بعدازاں اداکارہ پریانکا چوپڑا نے کیا’۔اس کے علاوہ اپنی کتاب میں امریتا راؤ نے بتایا کہ انہیں مینیجر نے دھوکہ دیا جس کی وجہ سے وہ سلمان خان کے ساتھ کام نہ کرسکیں۔
اداکارہ کے مطابق ان سے سلمان خان کی 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘وانٹڈ’ میں ہیروئن آنے کے لیے رابطہ کیا گیا تھا لیکن یہ آفر مینیجر نے ان تک پہنچنے ہی نہیں دی۔امریتا راؤ نے بتایا ‘وانٹڈ کی آفر ہونے کے کچھ عرصے بعد میں حیدرآباد میں تیلگو فلم کے لیے شوٹنگ میں مصروف تھی جب ایک ہوٹل میں میری فلم وانٹڈ کے پروڈکشن کے ایک بندے سے ملاقات ہوئی جس نے مجھے کہا اگر آپ کی تاریخوں کا مسئلہ نہیں ہوتا تو اس وقت آپ سلمان خان کی وانٹڈ میں کام کررہی ہوتیں’۔
اداکارہ کے مطابق ‘یہ سنتے ہی میں ششدر رہ گئی کہ مجھے وانٹڈ کی پیشکش کب کی گئی؟ جس پر اس شخص نے کہا میں نے آپ کے مینیجر کو فون کیا تھا، اس نے کہا آپ کی تاریخوں کا مسئلہ ہے، آپ کے پاس وقت نہیں’۔امریتا کا کہنا تھا ‘یہ سنتے ہی میرا دل ٹوٹ گیا کہ اگر مجھے پیشکش کا پتا چلتا تو میں ضرور کچھ کرکے تاریخیں مینج کرتی اور سلمان خان کے ساتھ کام کرتی’۔