راولا کوٹ (ریاض شاہد) سابق وزیرِاعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے حق میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی خوشی میں سردار تنویر الیاس لورز کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان اظہارِ تشکر ریلی نکالی گئی۔ ریلی سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل تھی، جو کلمہ چوک سے غازی ملت پریس کلب تک مارچ کرتی رہی۔
ریلی کی قیادت ممبر کشمیر کونسل سردار عدنان سیاب، سردار طاہر سلطان، عمران یاسین، افنان نواز، عمران نور، شمریز صابر، سردار آزاد خان، ایاز مغل، سابق پی آر او کنول رحیم ایڈووکیٹ، میڈم شمیدہ، مسرت کیانی اور دیگر خواتین نے کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممبر کشمیر کونسل عدنان سیاب، طاہر سلطان، عمران یاسین، افنان نواز اور دیگر مقررین نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جیت ہمیشہ حق کی ہوتی ہے اور سردار تنویر الیاس مستقبل میں ایک بار پھر وزیرِاعظم بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تنویر الیاس کی حکومت کے خاتمے کے بعد ترقیاتی کام رک گئے تھے، لیکن ان شاء اللہ وہی ترقیاتی سفر دوبارہ شروع ہوگا۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ تنویر الیاس کے دور میں آزاد کشمیر میں سیاحت اور بلدیاتی انتخابات جیسے اہم اقدامات اٹھائے گئے، جس سے ریاست ترقی کی راہ پر گامزن ہوئی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی تحریکِ آزادی کو تقویت ملی، اور تین دہائیوں بعد بلدیاتی انتخابات کرا کر انہوں نے حقیقی عوامی نمائندگی کا ثبوت دیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سردار تنویر الیاس کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں اور سکیم خوروں کا دور ختم ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے اور جلد نااہل حکومت کا خاتمہ ہوگا۔
آخر میں کارکنان میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور ملکی استحکام و ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔