پاکستان میں اسوقت سب سے زیادہ ضرورت استحکام کی ہے اسی لیے نئی پارٹی کا نام استحکام پاکستان رکھا گیا، سردار تنویر الیاس خان

67

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز)سابق وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر و بانی رہنما استحکام پاکستان پارٹی سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسوقت سب سے زیادہ ضرورت استحکام کی ہے اسی لیے نئی پارٹی کا نام استحکام پاکستان رکھا گیا ہے، ملک میں نئی جماعت بنانے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کہ پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام لا کر ترقی کا سفر تیز کیا جائے، پاکستان کو آج ایسی قیادت کی ضرورت تھی جو ہر طرح کی تقسیم کو ختم کرے اور نفرت کے بجائے محبت کو بڑھائے، قوم کو امید دلانے سمیت ایسا روڈ میپ دے جس سے ملک کو دلدل سے نکالا جا سکے.

یہ جماعت کسی ایک صوبے یا ریجن تک محدود نہیں ہو گی بلکہ آزاد جموں کشمیر سمیت پورے ملک کی نمائندہ ہو گی اور انتخابات میں حصہ لیکر وفاق کو مضبوط کرے گی۔پی ٹی آئی سمیت ملک کی چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماوں کے علاوہ مختلف شعبہ جات سے ایسے کئی نامور چہرے بھی اس سیاسی جماعت کا حصہ بنیں گے جو اس سے قبل سیاست میں باضابطہ حصہ نہیں لیا کرتے تھے، جہانگیر ترین اور علیم خان کی سربراہی میں استحکام پاکستان پارٹی کا منشور تیار کیا جارہا ہے ، پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ بھی جلد مکمل ہوجائیگا۔

سردار تنویر الیاس خان نے صحافیوں کے ایک دفد سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں نے ہمیشہ وفاق کی مضبوطی پر زور دیا ہے، پاکستان کی افواج ہمارے تحفظ کی ضمانت ہیں اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کی خاطر شہادت پانے والے ہرفوجی افسر اور جوان کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے، قوم اور فوج کو کسی صورت الگ نہیں ہونے دیا جاسکتا، فوجی تنصیبات پر حملے کرنے اور شہدا کی یادگاروں کو نقصان پہنچانے والوں کو نشان عبرت بنانا ہو گا، نفرت اور انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت سے سخت کاروائی ہونی چاہیے.

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ملک میں استحکام لانے کیلئے قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، اسی لیے ہم اپنے تئیں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتیں کر رہے ہیں، سیاستدان آپس میں مل بیٹھ کر اگلے انتخابات سمیت ملک کی معیشت پر لائحہ عمل بنا سکتے ہیں، ہماری جماعت کے پاس جہانگیر ترین اور علیم خان کی صورت میں ایسی اہل قیادت موجود ہے جو ملک کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس مقصد کیلئے ٹیم ورک کے ذریعے کام کرنے پر ہم سب راضی ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا نظام ایسا بنائیں گے کہ تمام فیصلے پارٹی کے مشاورتی بورڈ سے منطوری لیکر کیے جائیں، سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ پارٹی کا قیام ہو شکا ہے جو دیگر ضروری کام ہیں ان پر تیزی سے کام کیا جارہا ہے جلد ہی پارٹی کے پلیٹ فارم سے اہداف اور تمام ترجیحات کا اعلان کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں