امام خمینی کی 34ویں برسی پر اسلام آباد میں عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے فرمایا کہ امام خمینی عصر حاضر کے وہ عظیم نجات دھندہ ہیں کہ جنہوں نے مسلمانوں میں اتحاد و وحدت کے پیغام کو عام کیا اور دنیا بھر کے مظلومین کے ساتھ ساتھ خاص طور سے مظلومین فلسطین و کشمیر کے لئے عالمی سطح پر آواز بلند کی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں اسلام دشمن طاقتوں خاص طور پر امریکی استعمار کی اسلام دشمن سازشوں سے امت مسلمہ کو ناصرف آگاہ کیا بلکہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے ذریعے استعماری ایجنٹ رضا شاہہ کی پچیس سو سالہ شہنشاہیت کا تختہ الٹ کر دنیا کے مسلمانوں کو آزادی کا پیغام دیا۔ اس عظیم الشان انقلاب کی کامیابی سے اسلامی تحریکوں کو ایک نیا جذبہ اور زندگی ملی۔
امام خمینی نے امت مسلمہ اور خاص طور سے جوانوں کے اندر امید اور بیداری کی نئی لہر پیدا کی جس کے اثرات پوری دنیا میں مرتب ہوئے۔ امام خمینی نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو یہ پیغام دیا کہ اسلامی نظام کا قیام نا صرف ایک نصابی یا کتابی مسئلہ ہے بلکہ تعلیمات قرآن و سیرت پیغمبر گرامی اسلام کی روشنی میں اس کا نفاذ ہر دور کی طرح آج بھی مسلمانان عالم کی اہم اور بنیادی ذمہ داری ہے۔
ہمیں چاہیے کہ ظالمانہ نظام کی بساط لپیٹ کر اسلامی نظام کا قیام عمل میں لائیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مظلوم کشمیری اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امت مسلمہ، دنیا بھر میں انسانی حقوق کے نام نہاد اداروں کو متوجہ کیا کہ وہ ان مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔
اس سے پہلے اجماع کے ہزاروں شرکاء نے ایف نائیں ، فاطمہ جناح پارک سے جی سکس ٹو اسلام اباد تک ایک تاریخی ریلی نکالی۔ یہ پروگرام ایف نائن پارک میں منعقد ہونا تھا جس کے آخری مراحل میں اسلام آباد کی انتظامیہ نے بعض نادیدہ اور اسلام دشمن قوتوں کے دباؤ کی وجہ سے اس پروگرام کے اجازت نامے کو منسوخ کردیا، جو کہ اسلام دشمنی کے مترادف ہے۔ اس اجتماع سے مختلف مکاتب فکر کے علماء اور ممتاز شخصیات جن میں جناب لیاقت بلوچ، پیر شمس الرحمن مشہدی، علامہ پیر آصف اکبر، علامہ حیدر علوی نے بھی خطاب کیا اور امام خمینی کو زبردست خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اسوہ سے رہنمائی حاصل کر نے پرزور دیا۔ مقررین نے رہبر معظم انقلاب اسلامی امام سید علی خامنہ ای کی بصیرت اور ولولہ انگیز قیادت پر زبردست اعتماد کا اظہار کیا۔