کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے میئر کراچی کو وارننگ دی ہےکہ ہمارے ٹاؤن میں بحران پیدا کرنے کی کوشش کی تو اچھا نہیں ہوگا۔ایک بیان میں حافظ نعیم نےکہا کہ میئر کی حلف برداری کی تقریب میں احتجاجاً شرکت نہیں کریں گے، جو آج خوش ہورہے ہیں کل ان کے ساتھ ہاتھ ہوگا تو پتا چلےگا۔
انہوں نے کہا کہ آج تم وفاق سے مزید فنڈ کا کہہ رہے ہو پچھلے فنڈز کا کیا کیا، جو ٹینٹ آرہے ہیں وہ نہیں آرہے مگر آپ کے ٹینک بھر گئے، ہمارے ٹاؤن میں بحران پیدا کرنے کی کوشش کی تو اچھا نہیں ہوگا۔امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہمارا کیس اتنا واضح ہے کہ عدالت میں جائیں گے تو یہ الیکشن کالعدم جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ناظم جوکھیو کو ویڈیو بنانے پر پوری رات مارا گیا اور ام رباب کے خاندان کے ساتھ کیا کیا گیا۔واضح رہے کہ میئر کراچی کے الیکشن میں جماعت اسلامی کے حافظ نعیم اور پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لے کر میئر منتخب ہوئے جب کہ حافظ نعیم کو 160 ووٹ ملے۔جماعت اسلامی نےمیئر کے الیکشن میں پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام لگایا ہے اور اس کے خلاف عدالت جانے سمیت احتجاج کا بھی اعلان کیا ہے۔