آزاد جموں و کشمیر کونسل کے نو منتخب رکن محمد عدنان خالد کی تقریب حلف برداری،سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی خصوصی شرکت

102

اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کونسل کے نو منتخب رکن محمد عدنان خالد کی تقریب حلف برداری آج آزاد جموں و کشمیر کونسل سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔وزیر اعظم کے مشیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے وزیر اعظم پاکستان و چیئرمین آزاد جموں و کشمیر کونسل محمد شہباز شریف کی جانب سے تفویض کردہ اختیارات کے تحت نو منتخب رکن محمد عدنان خالد سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم کے مشیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ، سیکرٹری اُمور کشمیر و گلگت بلتستان ظہور احمد، آزاد جموں و کشمیر کونسل ممبران کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر کونسل کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔حلف برداری تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہواجس کے بعد حق خودارادیت کے لیے جان کی قربانی دینے والے مقبوضہ کشمیر کے شہدا، یونان میں کشتی حادثے میں شہید ہونے پاکستانی اور کشمیری نوجوانوں اور آزاد جموں و کشمیر کونسل کے سابق رکن مرحوم سردار سیاب خالد کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔

حلف سے قبل سیکرٹری اُمور کشمیر و گلگت بلتستان ظہور احمد نے الیکشن کمیشن آزادکشمیرکی جانب سے جاری کردہ محمد عدنان خالد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ایوان میں پڑھ کر سنایا۔ آزاد جموں و کشمیر کونسل 14 ارکان پر مشتمل ہے جن میں چیئرمین آزاد جموں و کشمیر کونسل، وائس چیئرمین، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر انچارج کے علاؤہ چھ منتخب اور چار نامزد ارکان شامل ہیں۔تقریب حلف برداری میں سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے بھی شرکت کی۔اس موقع پرمشیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے نومنتخب رکن کو مبارک باد پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں