بھمبر(سٹاف رپورٹر/سٹیٹ ویوز)وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے ریاست آزادکشمیرمیں اینٹی کرپشن ایکٹ کے نفاذ کافیصلہ کرلیا،فلاحی ریاست بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اعلیٰ افسران سے لے کر جملہ ملازمین تک کڑے احستاب کا بھی فیصلہ کیاگیاہے۔
یاد رہے کہ فزیکل پلاننگ ۔ محکمہ شاہرات اور لوکل گورنمنٹ سمیت مختلف محکموں میں کرپشن کی خبروں کے باعث حکومت کا نہ صرف امیج متاثر ہو رہا ہے بلکہ کرپشن کے ناقابل تردید ثبوتوں کے باوجود کاروائی عمل میں نہ لائے جانے کے سبب حکومت کی بے بسی بھی عیاں ہورہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق سے عید کے دنوں میں سینکڑوں افراد نے ملاقاتیں کیں،عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے وزیراعظم نے ضلعی انتظامیہ کا اجلاس سائلین کی موجودگی میں طلب کرلیا،عوام کے تمام بنیادی مسائل کو فوری حل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ تعلیم، صحت،صفائی ستھرائی، انصاف کی فراہمی میرا نصب العین ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیرنے کہاکہ مون سون ایمرجنسی کے دوران ریڈالرٹ رہے گا،ریڈ الرٹ کے دوران ضلع چھوڑنے والے افسران و ملازمین کے خلاف کاروائی ہوگی۔وزیراعظم نے سینئر وزیرکرنل وقاراحمد نورکے ہمراہ ڈی ایچ او آفس کا سرپرائزوزٹ کیا،
محکمانہ پراگریس،وسائل،مسائل کاجائزہ لیاریاست آزادکشمیر کومثالی خطہ بنانے کاعزم کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم آفس کامانیڑنگ سیل سرکاری دفاتر کی خفیہ پڑتال بھی کرے گا۔