لیجنڈری پاکستانی کرکٹر شعیب اختر نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اپنی بائیوپک بنانے والوں کے خلاف اسٹے آرڈر حاصل کرلیا ہے جبکہ مقدمے کے حتمی فیصلے تک فلم کی شوٹنگ اور ریلیز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے ٹوئٹر پر اسٹے آرڈر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ میری زندگی پر ممکنہ طور پر بننے والی فلم کے خلاف اسٹے آرڈر محفوظ ہے، مجھے یہ کرنا پڑا کیونکہ انہوں نے معاہدے کے قانونی خاتمے سے قطع نظر فلم کی شُوٹنگ جاری رکھنے کی تحریری دھمکی دی تھی۔
شعیب اختر نے اپنی بائیو پک کے پروڈیوسر/ڈائریکٹر کے خلاف مقدمہ دائر کیا، جو فریقین کے درمیان معاہدہ ختم ہونے کے باوجود فلم کی تیاری میں مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں۔
اس سے قبل سابق کرکٹر نے فلم میکرز اور انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ اگر وہ ان کی سوانح عمری پر فلم بناتے رہے اور ان کے نام یا زندگی کی کہانی کے واقعات کو کسی بھی طرح استعمال کیا تو انکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں گے۔