باغ (سٹیٹ ویوز)رجسٹرار/ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ شعبہ باٹنی جامعہ خواتین باغ پروفیسر ڈاکٹر سیدہ صدیقہ فردوس کی مظفر آباد یونیورسٹی میں پروفیسر (بی پی ایس- 21)تعیناتی پر ویمن یونیورسٹی باغ میں ان کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد الحمید، ڈینز، پرنسپل آفیسران،ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس اور جملہ آفیسران نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد الحمید نے انھیں بطور پروفیسر سلیکشن پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر نے کہاکہ بحثیت رجسٹرار اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر صدیقہ فردوس کی کارکردگی مثالی اور قابل تقلید رہی اور آپ جیسے لوگ اداروں کا اثاثہ ہوتے ہیں۔

آپ نے انتہائی نامساعد حالات میں بہترین پرفام کیااور ادارے کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں رہیں آپ کی ادارہ کے ساتھ کمٹمنٹ اور وفاداری قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے ایک بہترین ٹیچر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین ایڈمنسٹریٹر ہونے کا بھی ثبوت دیا ہے۔ آپ نے تین وائس چانسلر ز کے ساتھ کام کیا جس کی وجہ سے آپ کی صلاحیتوں اور کام میں نکھار آیامیری خواہش تھی کہ آپ مزید جامعہ خواتین باغ میں اپنی خدمات سر انجام دیتیں لیکن قدرت کا ایک اپنا نظام ہے اور ہر انسان بہتر سے بہتر کی تلاش میں رہتا ہے اور میری دعا ہے اللہ پاک آپ کو مزید کامیابیوں اور کامرانیوں سے نوازے۔

پروفیسر ڈاکٹر سیدہ صدیقہ فردوس نے خطاب کرتے ہوئے کہامجھے اس ادارے میں بے پناہ عزت ملی مجھے کبھی محسوس نہیں ہوا میں کسی ادارے میں کام کر رہی ہوں بلکہ ایسا لگا کہ میں اپنے گھر میں اپنی فیملی کے ساتھ کام کر رہی ہوں۔ انہوں نے کہا خاص کر کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد الحمید کی مشکور ہوں کہ جن کی شفقت اور رہنمائی کی بدولت بہت کچھ سیکھنے کو ملا جس کی وجہ سے اپنے کام کو احسن طریقے سے سر انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر عبد الحمید ایسی شخصیت ہیں جن کی پہلی اور آخری ترجیع ویمن یونیورسٹی باغ ہے انہوں نے ہمیشہ ادارے کے مفاد کو خود پر ترجیع دی۔وائس چانسلر کی کوششوں،کاوشوں،محنت،لگن اور بہترین حکمت عملی کی بدولت آج ادارہ ترقی اور استحکام کے راستے پر گامزن ہے اور وائس چانسلر ڈاکٹر عبد الحمید کے اس کردار کو تاریخ کے سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر صدیقہ فردوس نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن بالخصوص ڈپٹی کمشنر باغ عبد الحمید کیانی کا ادارے کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا آج میں جو کچھ بھی ہوں والدین کی دعاوں کی وجہ سے ہوں۔ تقریب سے ڈین سائنسزڈاکٹر کمال حسین،ڈین آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسزڈاکٹر مشتاق،ڈائریکٹر فنانس صاحبزادہ محمد زاہد،ڈائریکٹر اسٹیٹ سردار اورنگزیب خان اور دیگر مقررین نے انھیں مبارکباد دی اور کہا کہ ڈاکٹر صدیقہ فردوس اعلیٰ اخلاق کی مالک شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین ایڈمنسٹریٹر اور ایک بہترین ٹیچر بھی ہیں۔اُن کی موجودگی میں ہمیں کوئی مشکل پیش نہیں آئی اور انہوں نے ادارے کو اپنے گھر کی طرح بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ آپ کی ادارے کے لیے کی گئی کوششوں،کاوشوں اور کارکردگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ آپ جس طرح ملازمین میں پسندیدہ آفیسر تھیں اسی طرح طالبات میں بھی ایک پسندیدہ ٹیچر تھیں۔پروگرام کے اختتام پر وائس چانسلر ڈاکٹر عبد الحمید نے ڈاکٹر سیدہ صدیقہ فردوس کو شیلڈ پیش کی۔