آئی ایم ایف قرض منظوری، ڈالرکی گراوٹ کا سلسلہ جاری

36

انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں آج بھی ڈالرکی گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔آج انٹربینک میں کاروبار کے آغاز پر ڈالرکا بھاؤ 3 روپے 48 پیسےکم ہوکر 274 روپے ہوگیا، بعدازاں ڈالر 275 روپے پر آگیا۔انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں گزشتہ روز ڈالر ایک روپیہ 9 پیسے سستا ہونےکے بعد277 روپے 48 پیسے پر بند ہوا تھا۔

خیال رہےکہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کا 3 ارب ڈالرز قرض پروگرام منظور کرلیا ہے، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ اسٹینڈ بائے معاہدے کی منظوری دی ہے جس کے بعد فوری طور پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی قسط پاکستان کو جاری کردی جائےگی۔

خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا ہےکہ سعودی عرب اور یو اے ای سے 3 ارب ڈالر آچکے ہیں، اس سے ہمارے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا ہےکہ پاکستان کو اس پروگرام پر پوری لگن سے عمل کرنا ہوگا، ماضی میں قرض پروگرام کی پالیسیوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

ایک بیان میں ایم ڈی آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ قرض پروگرام کی پالیسیوں پر عمل نہ ہونے کے باعث پاکستان کے اندرونی و بیرونی مالی ذخائرمیں کمی آئی، پالیسیوں پر تسلسل سے عملدرآمد کے ذریعے عدم توازن دور ہوگا۔کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا ہےکہ نیا اسٹینڈ بائے ارینجمنٹ پروگرام پاکستان کے لیے میکرو اکنامک استحکام لانےکا موقع ہے۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے بینکنگ سسٹم کی سخت نگرانی اور اداروں کی استعدادکار بہتر بنانے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ پالیسی ریٹ میں حالیہ اضافےکا خیر مقدم کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں