بولٹن(سٹیٹ ویوز)تحریک آزادی کشمیر کے بزرک رہنما اور نامور کشمیری سیاستدان سردار محمد عبدالقیوم خان مرحوم کے قابل اعتماد دیرینہ ساتھی سالار ممتاز چشتی نے کہا ہے کہ قرارداد الحاق پاکستان نے کشمیریوں کے مستقبل کی سمت کا تعین کر دیا تھا۔ پاکستان ہمارے عقیدے اور نظریے کا مرکز و محور ہے اور کشمیر کی آزادی کے لئے مضبوط اور مستحکم پاکستان کی ضرورت ہے۔
وہ آج یہاں یوم قرارداد الحاق پاکستان کے موقع پر پاکستان سے دورے پر آئے ہوئے ممتاز کشمیری دانشور اور اور انسانی حقوق و امن اور مذہبی ہم آہنگی کے لئے متحرک عالمی تنظیم انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ انسپاڈ کے سربراہ ڈاکٹر سردار محمد طاہر تبسم سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر سماجی رہنما راجہ عارف جمروز خان بھی موجود تھے۔ سالار ممتاز چشتی نے کہا کہ کشمیریوں نے آج کے دن تاریخی قرارداد کے ذریعے الحاق پاکستان کا فیصلہ کیا تھا اور رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس، غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان اور مجاہد اوّل سردار عبدالقیوم خان نے ساری زندگی اس کی پہرے داری کی اور اہل کشمیر کی اسلام اور پاکستان کے ساتھ محبت کو کبھی کمزور نہیں ہونے دیا۔
اس موقع پر سردار طاہر تبسم نے کہا کہ کشمیر دو قومی نظریے کی تقسیم کاادھورا ایجنڈا ہے اس کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہو سکتا۔ کشمیری تکمیل پاکستان کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں اور اپنی آزادی و حق خودارادیت کے حصول تک یہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کشمیر نیوکلیر فلیش پوائنٹ اور خطے میں قیام امن کی کنجی ہے۔ بھارت کی سلامتی اور ترقی کشمیر کی آزادی کے بغیر ناممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدان تنازعہ کشمیر کے حل میں کئی بار مصلحت کا شکار ہوتے رہے ہیں لیکن مسلح افواج نے ہمیشہ اہل کشمیر کا بھرپور ساتھ دیا اور بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔سردار طاہر تبسم نے کہا کہ بھارت نے اگر کشمیریوں، سکھوں کو آزادی اور مسلمانوں و اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ نہ کیا تو وہ مستحکم نہیں رہ سکتا اور بکھر جائے گا۔ بھارت میں ہونے والے مظالم سے پوری دنیا روشناس ہو چکی ہے جب تک اقوام متحدہ کی کشمیر پر ہونے والی قراردادوں پر عمل درآمد اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا خاتمہ نہیں ہو جاتا خطے میں جنگ اور تباہی کے بادل منڈلاتے رہیں گے۔مسلم سٹوڈنس فیڈریشن آزادکشمیر کے سابق مرکزی صدر سردار نعیم انجم اور سماجی رہنما راجہ عارف جمروز نے سردار طاہر تبسم کے اعزاز میں پرتکلف کھانے کا الگ الگ اہتمام بھی کیا۔