بھارت میں مون سون کی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث بھارت کے مختلف شہروں کی سڑکیں دریا کا منظر پیش کررہی ہیں ایسے میں تعلیمی اور سرکاری دفتروں کو بند کیا جاچکا ہے جب کہ متعدد اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔
گزشتہ روز مہارشٹرا کلیاں اور ٹھاکرلی ریلوے اسٹیشن کے درمیان ریلوے ٹریک پر ایک شخص کی گود سے 6 ماہ کا بچہ نالے میں جاگرا جس کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امبرناتھ ٹرین میں پانی بھرجانے کے باعث ٹرین کو روک دیا گیا تھا، اس دوران ایک فیملی نے ٹرین سے اتر ریلوے ٹریک پر ٹہلنا شروع کردیا اسی دوران بچےکے دادا کی گود سے بچہ بہتے نالے میں جاگرا۔
بھارتی میڈیا پر واقعے کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں بچے کی والدہ کو بہتے نالے کے پاس چیختا چلاتا دیکھا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے دریائے گنگا میں پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیاجاچکا ہے جس کے باعث لکسر اور خان پور کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ ہفتے نئی دہلی میں بھی جمنا ندی کے بپھرنے کی وجہ سے سیلابی صورتحال کا سامنا تھا جہاں شہر کے بیشتر علاقے، سڑکیں ، تاریخی مقامات اور سپریم کورٹ سمیت ریلیف کیمپ بھی پانی میں ڈوب گئے تھے۔