وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے ڈیفالٹ کے خطرے کا سوچ کر رات کو نیند نہیں آتی، الیکشن میں جو فیصلہ ہوا اس کے سامنے سرتسلیم خم کریں گے۔شرقپور میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کے ساڑھے چار سال ضائع کیےگئے، نوازشریف کو جیل میں بند کیا گیا، اپوزیشن کو دیوار سے لگایا گیا، پچاس ارب روپے برطانیہ کے بینکوں میں پڑے تھے ، برطانوی کرائم ایجنسی نے دو سال میرے خلاف تفتیش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے 190 ملین پاؤنڈ برطانیہ کے اکاؤنٹس میں موجود تھے، برطانوی ایجنسی نے اشتہار لگایا کہ یہ پیسا پاکستان کے عوام کا ہے اور وہاں کے خزانے میں جائےگا، یہ پیسا اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں آتا تو بالکل ٹھیک بات تھی، لیکن پی ٹی آئی حکومت لندن میں جا کر اس طرح اس کیس میں پارٹی بنی جیسے شادی میں بن بلائے مہمان آجاتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ پیسا پاکستان کے خزانے میں آنے کے بجائے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں چلا گیا، بند لفافہ کابینہ میں لے جایا گیا، کابینہ کے ایک دو وزیروں کے سوا سب نے بند لفافے پر منظوری دے دی، خدا نہ کرے اس بند لفافے میں یہ لکھا ہوتا کہ ہم کشمیر کا سودا کر رہے ہیں توکیا کابینہ سے ایسے ہی آنکھیں بند کرکے دستخط لے لیے جاتے۔ان کا کہنا تھا کہ کہ الیکشن میں جو فیصلہ عوام کریں گے اس کے سامنے سر تسلیم خم کریں گے۔