اسلام آباد: پی ڈی ایم ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہےکہ پی ڈی ایم اور حکمران اتحاد میں ابھی تک نگران وزیراعظم کےنام کا فیصلہ نہیں ہوا۔ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا کہ اہم فیصلے مشاورت کے بعد ہونے ہیں اور مشاورت کے بغیر کوئی پارٹی بھی فیصلہ نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ تمام اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری تھا اور ہے، پی ڈی ایم اور حکمران اتحاد میں ابھی تک نگران وزیراعظم کےنام کا فیصلہ نہیں ہوا۔ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اکیلے فیصلہ نہیں کرسکتا کیونکہ ایک پارٹی کی حکومت نہیں، حکمران اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، حکمران اتحاد اور پی ڈی ایم کو بھی ایک دوسرے کو اعتماد میں لینا ہوگا۔
حافظ حمد اللہ نے مزید کہا کہ اگر (ن) لیگ کو اکثریت ملتی ہے تو وزیراعظم تو (ن) لیگ کا ہی ہوگا۔خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے موجودہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس حوالے سے (ن) لیگ کی جانب سے باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا جب کہ پیپلز پارٹی نے نگران وزیراعظم کے معاملے پر اپنا نام پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔