مظفرآباد میں حرمت قرآن ریلی کا انعقاد،تمام دینی مدارس کے حفاظ کرام اور زیر تعلیم طلباء کی بھرپور شرکت

53

مظفرآباد(سٹیٹ ویوز)مظفرآباد میں حرمت قرآن ریلی کا انعقاد،تمام دینی مدارس کے حفاظ کرام اور زیر تعلیم طلباء کی بھرپور شرکت،جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر ضلع مظفرآباد کے زیر اہتمام سویڈن حکومت کی منظوری سے توہین قرآن کی جسارت کے خلاف دارالحکومت کے دینی مدارس کے طلباء کی حرمت قرآن منفرد ریلی،حفاظ کرام نے بلند آواز میں تلاوت کلام پاک کی مشق کر کے محبت قرآن کا مظاہرہ کیا۔

مظاہرہ کی قیادت سرپرست اعلیٰ جمعیت علماء اسلام اور مرکزی سیرت مصطفی کمیٹی مولانا قاری عبدالمالک توحیدی اور مرکزی سینئر نائب صدر جے یو آئی پیر طریقت مفتی محمودالحسن شاہ مسعودی نے کی۔ریلی میں دارالحکومت کے مدارس کے ذمہ داران،طلباء،سول سوسائٹی کی بھرپور شرکت۔جمعیت علماء اسلام کے مرکزی راہنماؤں مفتی محمدابراہیم عزیز،مولانا قاری محمد افضل خان،ڈویژنل سیکرٹری جنرل مولانا قاری عبدالماجد،ضلعی امیر اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مسؤل مولانا سید عدنان علی شاہ،مرکزی سیرت مصطفی کمیٹی کے چیئرمین مولاناعتیق الرحمن دانش،سیکرٹری جنرل مولانا قاری محمد یونس شاکر،مفتی غلام رسول نقشبندی،مولانا فضل وہاب،مولانا الطاف،مولانا عمر افضل خان،مولانا صغیرالاسلام،قاری احمد عبید،مولانا عبدالخالق،مولانا ضیاء الحق،مولانا شکیل،مولانا الطاف حسین لون،مولانا عادل خورشیداعوان،مولانا محمد فیاض،مولانا ممتاز الحق قاسمی،قاری عبدالقیوم فاروقی،مولانا امتیاز،مولانا مفتی عمار سمیت دیگر علماء کرام نے بھرپور شرکت کی۔جبکہ مرکزی سیرت کمیٹی کے چیئرمین عتیق احمد کیانی،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئر مشتاق الاسلام نے بھی یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر بزرگ عالم دین استاذ القراء مولانا قاری عبدالمالک توحیدی نے ہزاروں کے اجتماع کو سورۃ فاتحہ کی قرات کی مشق کی۔مفتی محمودالحسن شاہ مسعودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سویڈن حکومت کی منظوری سے توہین قرآن کی جسارت کی مذمت کرتے ہیں،توہین قرآن کی جسارت عالمی امن کے لیے خطرہ ہے،توہین قرآن سے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی،ہم اپنی جان،مال،اولاد سب ناموس رسالتﷺ،ناموس قرآن،ناموس صحابہ واہلیبتؓ کے لیے قربان کردیں گے۔حکومت پاکستان غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سویڈن کے سفیر کو ملک بدرکرے اور اس سے سفارتی تعلقات منقطع کیے جائیں گے۔حکومت پاکستان اور او آئی سی سویڈن،ناروے اورڈنمارک جیسے گستاخ ممالک کے ساتھ مکمل تعلقات منقطع کرے،علماء کرام نے اعلان کیا کہ ان شاء اللہ ہم اس گستاخی کا بدلہ پوری دنیا میں لیں گے اور سویڈن کے اندر بھی لیں گے اور اس کے لیے ہر گھر میں ان شاء اللہ ایک حافظ تیار کریں گے۔

قرآن پاک کے تمام نسخے چاہے سمندر میں بہادیئے جائیں یا نظر آتش کردیئے جائیں اس سے قرآن کریم کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔کیونکہ اس کاذمہ اللہ رب العالمین نے خود لیا ہے اور یہ قیامت تک سینوں میں محفوظ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت قرآن کریم کی تعلیم کو لازمی قراردے اورحفظ قرآن پر ہر بچے اور اس کے والدین کو خصوصی مراعات اور انعامات کا اعلان کرے۔ملک میں اسلامی نظام نافذ کیا جائے۔اس موقع پر قرارادادیں بھی پیش کی گئیں جو کہ متفقہ طورپر منظور کرلی گئیں۔علماء کرام نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیاست نبیوں کی سنت ہے اور قرآن نبیﷺ کی نسبت،جمعیت علماء اسلام نبی کی سیاست کی وارث ہے جس طرح انسان کا وجود ایک روح کا محتاج ہے اسی طرح قرآن انسان کی روح کی بھی روح ہے۔دارالحکومت میں برہان مظفروانی چوک بالمقابل مرکزی ایوان صحافت سے لے کر سہیلی سرکار برج کے اختتام تک سڑک کے دونوں اطراف حفاظ کرام کی لمبی قطاریں مسلسل تلاوت میں مصروف رہیں۔اس روح پرور اجتماع میں آئمہ مساجد،شہریوں اور سکول اور کالجز کے طلباء نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں