بریڈ فورڈ(سٹیٹ ویوز)انسانی حقوق، قیام امن اور مذہبی ہم آہنگی کے لئے سرگرم عالی تنظیم انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ انسپاڈ کے سربراہ اور ممتاز کشمیری رہنما ڈاکٹر سردار محمد طاہر تبسم نے کہا ہے کہ برطانیہ میں رہنے والے پاکستانی و کشمیری ہمارے ملک کے بے باک ترجمان اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ جنہوں نے نہ صرف یہاں بڑی کامیابیاں سمیٹی ہیں بلکہ اپنے ملک کی عزت و توقیر میں بھی اضافہ کیا ہےاور مسئلہ کشمیر کی تفہیم و آگاہی میں بھی موثر کردار ادا کررہے ہیں۔
وہ یہاں معروف سماجی رہنما رفیق سہگل منیجر خدمت سنٹر کی طرف سے اپنے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت کے چئیرمین اور سنئر کشمیری رہنما راجہ نجابت حسین خان ستارہ پاکستان، معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر محمد علی اوبی ای بانی چیف ایگزیکٹو کیو ای ڈی آئی، کنزرویٹو پارٹی کے ممتاز رہنما ڈاکٹر اویس راجپوت، معروف سماجی شخصیت اسلم چوہدری، سنئیر کشمیری رہنما سردار عبدالرحمن خان، پروفیسر حافظ سرفراز احمد بھی شریک تھے۔
ڈاکٹر طاہر تبسم نے کہا کہ سفارت خانوں سے زیادہ ان رہنماؤں کا نمایاں کردار ہے جو نصف صدی سے کامیاب سفارتکاری کر رہے ہیں۔ پاکستانی و کشمیری منتخب نماہندوں کی برطانیہ میں خدمات بھی قابل تحسین ہیں۔ حکومت پاکستان کو ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلہ کشمیر برطانیہ کا پیدا کردہ تنازعہ ہے اس کے حل کرانے میں بھی برطانوی حکومت اور پالیسی ساز ماہرین کو موثر کردار ادا کرنا چاہئے اور بھارتی ظلم و جبر،انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور قتل عام کے خاتمے کے لئے بھی اپنا اثرورسوخ استعمال کرنا چاہئے۔
عالمی امن و انصاف پسند قوتوں کو مضبوضہ کشمیر میں بنیادی حقوق کی بحالی اور دفعہ 370 کے خاتمے میں بہر صورت کوششیں کرنی ہوں گی ورنہ عالمی امن کو درپیش خطرات میں مزید اضافہ ہوگا. اقوام متحدہ کو کشمیر پر اپنی قراردادوں کے عمل درآمد اور کشمیری لیڈرشپ کی فرضی مقدمات سے رہائی کے لئے فوری اقدام کرنے چاہئے۔ سردار طاہر تبسم نے حکومت پاکستان کی طرف سے راجہ نجابت حسین کو ستارہ پاکستان کا اعزاز دینے پر انہیں مبارک باد دی اور ان کی انتھک کوششوں کو سراہا جو وہ طویل عرصے سے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے قبل ازیں خدمت سنٹر کا دورہ بھی کیا اور مختلف شعبوں کے بارے میں منیجر رفیق سہگل نے تفصیلی بریفنگ دی۔