اسلام آباد، مظفرآباد(پ ر)وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی طرف سے ریاست کے پانچ اخبارات اور ایک رجسٹرڈ ڈیجیٹل میڈیا گروپ پر پابندی عائد کیے جانے کے فیصلے پر ریاست کی صحافتی کمیونٹی نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے، صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حکومت کی طرف سے اخبارات پر لگائی گئی پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کا کام حکومت کی غلطیوں کی نشاندہی کرنا ہے، سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ موجودہ حکومت ریاستی اخبارات پر پابندیاں عائد کر کے فسطائیت کا مظاہرہ کر رہی ہے،
یاد رہے کہ ماہ جولائی کے آخری ہفتے میں ریاست کے پانچ اخبارات روزنامہ سٹیٹ ویوز، سٹیٹ ویوز ڈیجیٹل، روزنامہ سیاست، روزنامہ کوٹلینز، روزنامہ فریڈم پوسٹ ، روزنامہ خبر نامہ کے بارے میں وزیر اعظم کی طرف سے ہدایت جاری کی گئی کہ محکمہ اطلاعات ان اخبارات کے اشتہارات کی بقیہ ادائیگیاں بند کر دے،
اس حوالے سے صدرآل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی (اے کے این ایس) امجد چوہدری نے تنطیم کی ایگزیکٹو باڈی کا ہنگامی اجلاس پیر 7 اگست کو اسلام آباد میں طلب کر لیا ، اجلاس میں ریاستی میڈیا کو درپیش مسائل کے حل سمیت دیگر اہم امور پر مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا،سیکرٹری اطلاعات اے کے این ایس نثار کیانی کی طرف سے اے کے این ایس کے تمام عہدیداران کو اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے.
دوسری جانب محکمہ اطلاعات کی طرف سے ایک پریس ریلیز بھی جاری کی گئی ہے ، جس کے مطابق سیکرٹری اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر انصر یعقوب خان نے کہا ہے کہ اخبارات کو نافذ شدہ اشتہارات پالیسی کے مطابق اشتہار دیے جارہے ہیں اور حکومت کی جانب سے کسی اخبار کے اشتہارات روکنے کا کوئی حکم نہیں دیا گیا۔ سیکرٹری اطلاعات انصر یعقوب خان نے کہا کچھ اخبارات کی جانب سے تاثر دیا جارہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ان کے اشتہارات بند کیے جارہے جو کہ حقائق کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ اشتہارات تحت ضابطہ نافذ شدہ اشتہارات پالیسی کے تحت جاری کیے جاتے ہیں اور اس سلسلہ میں کسی اخبار کے اشتہار بند نہیں کیے گئے۔