پاکستانی فلم انڈسٹری کی مایہ ناز اور آئے دن خبروں کی زینت رہنے والی اداکارہ میرا نے انکشاف کیا ہے کہ بالی وڈ کی فلم ’جب تک ہے جان‘ میں انہیں کام کی پیشکش ہوئی تھی۔میرا نے حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام ‘ہنسنا منع ہے’ میں شرکت کی جس میں ان سے میزبان تابش ہاشمی نے کئی دلچسپ سوالات کیے، میرا کے جوابات نے حاضرین سمیت ناظرین کو بھی خوب محظوظ کیا۔
دوران شو جب تابش نے 2012 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم جب تک ہے جان سے متعلق میرا سے سوال کیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ یہ فلم شاہ رخ کے ساتھ کترینہ کیف سے قبل انہیں آفر ہوئی تھی۔میرا نے فلم نہ کرنے کی وجہ بتائی اور کہا کہ انہیں لندن کا ویزا نہیں مل سکا تھا، اسی لیے وہ اس فلم میں نظر نہیں آئیں۔
اداکارہ نے کہا ‘میری زندگی میں دو بڑے حادثے ہوئے ہیں، کہتے ہیں کہ اللہ ایک دروازہ بند کرتا ہے تو 100 دروازے کھولتا ہے، فلم جب تک ہے جان میں کترینہ کیف کی جگہ مجھے آفر ہوئی تھی لیکن لندن کا ویزا نہ ملنے پر فلم نہ کرسکی’۔
بگ باس کی آفر ہوئی:
میرا نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں معروف بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کی بھی پیشکش کی گئی تھی، انہوں نے کہا مجھے بگ باس میں کام کرنے کے لیے ایک سال تک آفر ملتی رہی، یہ کروڑوں روپے کی آفر تھی، اگر میری جگہ کوئی بھی ہوتا تو وہ ضرور کرتا لیکن جب یہ آفر ملی تو اس وقت مجھے کچھ سمجھ نہیں آئی، میں تھوڑا گھبرا گئی تھی اس لیے کام کرنے سے منع کردیا۔
میرا نے کہا بگ باس جب آفر ہوا تو مجھے بہت سوچنا پڑا، کیونکہ وہ ایک لائیو شو تھا، بس اسی لیے میں نے انکار کردیا۔اچھی انگریزی نہ بولنے پر سوشل میڈیا ٹرولنگ کے حوالے سے میرا نے کہا ’کسی پر کمنٹ کرنا بہت آسان ہے، ایک کمرے میں بیٹھ کر باتیں کرنے کے لیے لوگوں کے پاس بہت وقت ہے ’۔
اداکارہ نے کہا کہ ’اچھی انگریزی نہ بولنے پر سوشل میڈیا ٹرولنگ پر مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، مجھے دکھ ان لوگوں پر ہوتا ہے جو ایسے تبصرے کررہے ہیں، ابھی وہ ناسمجھ ہیں، انہیں ہدایت کی ضرورت ہے۔میرا کا مزید کہنا تھا کہ ’ میں چاہتی ہوں کہ لوگ مجھ سے انگریزی میں بات کریں، میں خوش ہوں کہ میں نے اردو اور انگزیزی کو بہتر کیا ہے، اور آج میں بہت ساری زبانیں اچھی طرح بول سکتی ہوں۔