پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر وفاق کے لیے خطرناک ثابت ہوگی۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے نئی مردم شماری کے تحت انتخابات کے بعد کوئی کہہ رہا ہے الیکشن چھ ماہ مؤخر ہوں گے اور کوئی کہہ رہا ہے الیکشن سات ماہ مؤخر ہوں گے۔
رضا ربانی کا کہنا تھا الیکشن کمیشن چپ کا روزہ توڑے اور سامنے آ کر بتائے کہ حلقہ بندیوں میں کتنا وقت لگے گا؟ الیکشن میں تاخیر وفاق کے لیے خطرناک ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ترمیم کیوں ضروری تھی یہ بتایا نہیں گیا، پبلک آرڈرکوشامل کرنے سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا اسکوپ بہت بڑھ جائے گا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل پر دوبارہ غور کیا جائے۔
سینیٹر رضا ربانی بولے آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل کو حال ہی میں پاس کیے آرمی ایکٹ کے ساتھ ملاکر پڑھ لیں، دونوں ایکٹ کو ملاکر دیکھا جائے تو جو فیکٹری دودھ یا بسکٹ بنارہی ہے اسے بھی استثنیٰ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ترمیم میں ملٹری کے تعلیمی اداروں کو بھی ممنوعہ علاقہ قراردے دیا گیا ہے۔