یوم آزادی پاکستان کے موقع پرجملہ سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہراکر سلامی دی جائے،وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق

39

مظفرآباد(سٹیٹ ویوز)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے ہدایت کی ہے کہ یوم آزادی پاکستان کے موقع پرجملہ سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہراکر سلامی دی جائے، یوم آزادی کے سلسلہ میں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں 13اگست کی شام کو مشعل بردار ریلیاں جبکہ14اگست کو شایان شان انداز میں قومی تقریبات منعقد کر کے عوام الناس کی شرکت کو یقینی بنایاجائے.

اس سلسلہ میں ڈویژن و ڈسٹرکٹ لیول پر سیاسی قیادت کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔یوم آزادی پاکستان 24اکتوبر کی طرز پر منایا جائے گا اور اس سلسلہ میں تمام اسٹیک ہولڈرز اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ مظفرآباد میں 13اگست کی شام کو ساتھرا کے مقام پر چراغاں کیا جائیگا، 14اگست کو سرکاری تعطیل نہیں ہوگی بلکہ تمام دفاتر اور بشمول تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی پاکستان کے انتظامات کے حوالہ سے وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سینئر موسٹ وزیر و چیئرمین تقریبات کمیٹی کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ، پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی سمیت متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹریز ودیگر حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہاکہ یوم آزادی پاکستان کے موقع پر بڑے شہروں میں قومی زعما کی تصاویر کو آویزاں کیا جائے،آزادکشمیر میں ڈویژن سے لیکر نیابت کی سطح تک تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم آویزاں کیا جائے، یوم آزادی کے سلسلہ میں تمام تعلیمی اداروں میں تقریبات اور سیمینارز کا انعقاد کیاجائے، جشن آزادی کے سلسلہ میں سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے۔

تقریبات کمیٹیاں اس حوالہ سے ڈویژن و ضلعی سطح ُعوامی شرکت کو زیادہ سے زیادہ یقینی بنانے کیلئے سیاسی عمائدین، انجمن تاجران، سول سوسائٹی سمیت تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے لیزان رکھے۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالہ سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں