اسلام آباد(سٹیٹ ویوز) گڈ گورننس سرکار کا ایک اور کارنامہ، بیٹے اور پوتے کو وزراء کا پی آر او بنا دیا سردار محمد حسین کا پی آر او ان کے پوتے سردار ہمدان اقبال کو جبکہ عاصم شریف بٹ کا پی آر او ان کے بیٹے زین عاصم بٹ کو تعینات کردیا وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے محکموں سے محروم وزراء کو اولاد کی تقرری کرکے سیاسی رشوت پیش کردی.
آزادکشمیر بھر کے عوام کا وزیراعظم کے اس اقدام پر شدید حیرت و تشویش کا اظہار۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے حال ہی میں وزراء کے سٹاف کی تقرری کیلئے تخلیق کی جانے والی آسامیوں پر تقرریاں کرنا شروع کردی ہیں نوٹیفکیشن کے مطابق سردار ہمدان اقبال ایڈووکیٹ جو سردار محمد حسین کے پوتے ہیں کو ان کے ہمراہ پی آر او تعینات کردیا ہے جبکہ زین عاصم بٹ کو عاصم بٹ کے ہمراہ پی آر او تعینات کردیا ہے.
واضح رہے کہ انوار حکومت کی طرف سے میرٹ کی بحالی کے دعوے کئے جارہے ہیں اور ریاست میں حکومتی رٹ قائم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی باتیں کی جاتی ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ حکومت اپنے اعلانات پر عملدرآمد کروانے سے مکمل طور پر معذور نظر آرہی ہے وزیراعظم کے دعوں کے برعکس ابھی تک نہ تو سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ اور سیکریٹری حکومت راجہ امجد پرویز کے خلاف ریفرینس دائر کئے جا سکے ہیں، نہ ہی جعلی سگریٹ سکینڈل کے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا جا سکا ہے اور نہ ہی غیر قانونی طریقے سے اربوں روپے ٹیکس معاف کئے جانے والی کمپنیوں سے ٹیکس وصولی کے اقدامات کئے گئے جبکہ وزراء کو محکمے تاحال الاٹ نہیں کئے جاسکے جس پر سیاسی جماعتوں میں بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔ وزراء کو محکموں کی الاٹ منٹ کے بجائے ان کے چہیتوں کی تقرریوں سے سیاسی رشوت دے کر خاموش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انوار حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے.