اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و مرکزی رہنما استحکام پاکستان پارٹی سردار تنویر الیاس خان نے تاج ریزیڈینشیا میں عظیم الشان مسجد کی افتتاحی تقریب کے بعد منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت آزاد کشمیر میں قیامت کا سماں ہے۔ موجودہ حکومت معلمین قرآن کو جائز حقوق دینے کیلئے تیار نہیں، ریاست میں غریب افراد کیلئے سستہ آٹا ناپید ہے، لوگ فاقوں پر مجبور ہیں.

سرکاری ملازمین خاص کر سینکڑوں اساتذہ کرام کے جائز مطالبات کو پورا کرنے کی بجائے خواتین معلمین سمیت انہیں جیلوں میں قید و بند کیا گیا۔ ریاست کی عوام مشکلات سے دو چار ہے جبکہ موجودہ وزیراعظم آزادکشمیر اپنے حلیے اور اقدامات سے مودی اور گاندھی کی پیروکاری کر رہا ہے، یہ حکومت عذاب الہیٰ کو دعوت دے رہی ہے۔موجودہ وزیر اعظم انتقام میں اندھے ہو چکے ہیں، سینکڑوں ترقیاتی منصوبے جو ہماری حکومت کے دور میں ٹینڈر منظور ہو چکے تھے ان کو منسوخ کر دیا گیا، ریاست کے پانچ اخبارات کو اپنی مَدْح سَرائی نہ کرنے کی پاداش میں پابندیوں کا شکار کیا گیا ہے ، باغ اور پونچھ میں ہمارے لوگوں کے انتقامی تبادلے کیے جارہے ہیں، سرکاری ملازمین نے 23 اگست کو حکومت کے خلاف جو احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے.

ہم اسکی اور پونچھ میں جاری احتجاجی دھرنوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں، ہماری حکومت کے دوران بھی کئی احتجاج اور دھرنے دیئے گئے لیکن ہم نے ان سے مذاکرات کیے ، اس حکومت کی طرح پولیس گردی نہیں کی۔ سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ دنیا کے مہذب معاشروں میں اساتذہ کرام کا اعلی مقام ہے جبکہ انوار سرکار نے اساتذہ کے ساتھ بھیڑ بکریوں جیسا سلوک کیا جسکی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہر سال کی طرح گزشتہ سال ہمارے دور حکومت میں 14 اگست کو یوم آزادی پاکستان کو بھرپور جوش و خروش سے منایا جاتا گیا مگر امسال وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس قومی دن کو چھٹی کینسل کر دی۔ یہ پاکستان ہمارا ہے اور تقسیم ہندوستان کے وقت آزادکشمیر کا جو خطہ آزاد ہوا وہ اسی وقت پاکستان میں شامل ہو گیا ، باقی کا حصہ ہم نے بھارت سے لینا ہے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ سینیٹ کی جوبلی تقریب میں لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب محکوم و مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ اٹھایا، چئیرمین سینیٹ اور جملہ اراکین نے متفقہ قرارداد منظور کی جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کشمیری آج بھی اپنی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ کشمیری مائیں بہادر بچوں کو جنم لدے رہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی درندہ فوج کا سامنے کرنے والے کشمیریوں کے حوصلے آج بھی بلند ہیں ،کشمیری ہماری آس اور امید پر قائم ہیں اور تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیریوں کی منزل صرف اور صرف پاکستان ہے۔ شرکاء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ اسلامی کلینڈر کا پہلا مہینہ محرم الحرام ہے جس میں آل رسول ﷺ نے جو قربانیاں دیں وہ روز قیامت تک رقم ہوئی ہیں۔خاندان اہل بیت کی فروغ اسلام اور استحکام دین کیلئے قربانیاں تاریخ کے ماتھے کا جھومر ہیں۔اس تقریب میں سابقو زیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کے والد محترم صدارتی ایوارڈ یافتہ سردار الیاس خان، سابق وزیر اعظم کے دادا محترم سردار شریف خان ، سابق وزیر و ممبر اسمبلی علی شان سونی سمیت سیاسی ، سماجی و صحافتی شخصیات نے ایک بڑی تعداد میں بھرپور شرکت کی .