تارکین وطن پاکستانی و کشمیری ملک کا روشن چہرہ ہیں ۔ دیار غیر میں رہ کر اپنے ملک کا نام بلند کررہے ہیں،شیڈو منسڑ فار جسٹس و ممبر برطانوی پارلیمینٹ افضل خان

17

مانچسٹر(سٹیٹ ویوز)تارکین وطن پاکستانی و کشمیری ملک کا روشن چہرہ ہیں ۔ دیار غیر میں رہ کر اپنے ملک کا نام بلند کررہے ہیں اسلامی ورثہ اور ثقافت کو نئی نسل میں روشناس کرانا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار شیڈو منسڑ فار جسٹس و ممبر برطانوی پارلیمینٹ افضل خان نے یہاں عظیم برطانیہ کے کاروباری شہر مانچسٹر کے تاریخی دی برٹش مسلم ورثہ سنٹر میں ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر امن و انسانی حقوق کے لئے متحرک معروف سماجی و فلاحی تنظیم یورپین تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلیپمینٹ انسپاڈ کے سربراہ سردار محمد طاہر تبسم نے لارڈ میئر آف مانچسٹر محترمہ یاسمین ڈار کے ہمراہ افضل خان کی پاکستان برطانیہ کے خوشگوار تعلقات ، مسئلہ کشمیر اور تارکین وطن پاکستانیوں کے حقوق کے لیے فعال کردار ادا کرنے پر انسپاڈ عالمی امن ایوارڈ سے نوازا ۔

 

اس موقع پر سابق لارڈ میئر آف مانچسٹر نعیم الحسن ، کاروباری شخصیات طاہر صدیق، عرفان احمد، سابق کونسلر ماجدڈار، نورین خواجہ ، بین الاقوامی فنکارہ فادیہ شب و روز، شائستہ بیگم ،مسز عذرا ناز تبسم، راجہ عارف خان، راجہ عمیر ظہوراور دیگر بھی موجود تھے۔ سربراہ انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلیپمینٹ انسپاڈ سردار محمد طاہر تبسم نے کہا کہ تارکین وطن پاکستانیوں کی بدولت ہی آج پاکستان کو بیرونی دنیا میں قدر کی نگا ہ سے دیکھا جا تا ہے ۔ تارکین وطن برطانیہ جیسی ایک عظیم معاشی طا قت میں رہتے ہو ئے نہ صرف ہاوس آف لارڈز ، ہاوس آف کامن ، مئیر، کونسلز اور دیگر اہم شعبہ جات میں گراں قدر خدما ت سرانجام دے رہے ہیں بلکہ اپنے مادر وطن کے لیے انٹرنیشنل ریلیشن میں بہتری کی فضاء ہموار کرنے کا باعث بھی بن رہے ہیں ۔

لارڈ مئیر یاسمین ڈار کا کہنا تھا کہ ہمیں برطانیہ میں موجود سنہری مواقعوں اور سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہو ئے یہاں کے فیصلہ ساز اداروں میں شامل ہونا چاہیے ۔ نوجوان نسل برطانوی قوانین کی پاسداری کرتے ہو ئے اپنی تعلیم پر توجہ دے۔ اس موقع پر شیڈو منسڑ فار جسٹس و ممبر برطانوی پارلیمینٹ افضل خان نے پاک برطانیہ سفارتی سماجی کاروباری و معاشی تعلقات میں بہتری مسئلہ کشمیر اور عوام الناس کو ریلیف پہنچا نے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا نے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ تقریب کے اختتام پر دی برٹش مسلم ورثہ سنٹر کی جانب سے سردار محمد طاہر تبسم کو مسئلہ کشمیر کے لیے نمایاں خدمات پر اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی ۔

یاد رہے کہ افضل خان 2017 میں ممبر برطانوی پارلیمینٹ منتخب ہو ئے تھے قبل ازیں وہ بطور پہلے مسلمان لارڈ میئر آف مانچسٹر ، ممبر یورپین پارلیمینٹ بھی اپنی خدما ت سرانجام دے چکے ہیں ۔ 2008 میں انہیں برطانوی کوئین کی طرف سے سی بی ای کے اعزاز سے جبکہ حکومت پاکستان نے انہیں مارچ2018 میں ستارہ قائداعظم سے نوازا تھا۔ انہیں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے فلسفہ اور میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے قانون میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی جاری کررکھی ہیں۔ شیڈو منسڑ فار جسٹس و ممبر برطانوی پارلیمینٹ افضل خان نے برطانیہ میں رہتے ہو ئے تعصب،نفرت اور تصادم کے خلاف اپنے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کو بھی دوہرایا ۔اور انسپاڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سردار طاہر تبسم کو اپنے تعاون کا بھی یقین دلایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں