سچ بولنا بہت آسان ہےاگر آپ بولنا شروع کردیں.یہ جھوٹ بولنے سے کہیں زیادہ آسان اور سادہ ہے.صرف ایک بار شروع کردیں.ارادہ کرلیں کہ بس سچ ہی بولنا ہے.پھر آپ کو کسی کی ناگوار بات پہ ”اٹس اوکے“ نہیں کہنا پڑے گاآپ بتاسکیں گے مجھے برا لگا ہے.کسی کام سے انکار کرنا آسان ہو جائے گا.بجائےاس کے کہ آپ مروت میں مجبور ہوں ,بےزار ہوں مگر لارے لگاتے رہیں.
آپ اپنے اعمال سے اپنی ایک سیلف باٶنڈری بناسکیں گے۔لوگوں کو پتا ہوگا کہ اسے یہ بات یہ عمل پسند نہیں۔آپ خود کو بہت ہلکا پھلکا محسوس کریں گے۔۔۔۔کچھ چھپانے کا بوجھ دل اور دماغ کو بھاری نہیں کرے گا۔پ اپنی غلطی ماننا, اعتراف کرنا اور اسے سدھارنا سیکھ جاٸیں گے۔
جھوٹ بولنا ہماری ضرورت سے زیادہ عادت بن چکا ہے۔ہم اس قدر تواتر سے بےمقصد, بےارادہ اور بلا ضرورت جھوٹ بولتے ہیں کہ یہ احساس ہی ختم ہوجاتا ہے کہ جھوٹ بول رہے ہیں۔گھر میں ہم سے کچھ ٹوٹ گیا ہے تو جھوٹ.دفتر دیر سے پہنچے تو جھوٹ.کہیں پہنچنا تھا مگر ابھی تک گھر سے نہیں نکلے اور ”رستے میں ہوں“ کا جھوٹ.
میاں بیوی باہر کھانا کھانے جارہے ہیں ساس نے پوچھا تو جھوٹ.کسی نے آپ کی کوٸی چیز بلااجازت لے لی آپ کا دل نہیں اسے دینے کو لیکن مسکرا کر جھوٹ۔آپ سے کوئی کام ڈیڈ لائن پہ پورا نہیں ہوا تو لیپ ٹاپ خراب ہونے یا کسی بھی اور طرح کا جھوٹ.
ہزاروں مثالیں ہیں۔دن رات صبح شام جھوٹ زندگی کا جزولاینفک بن چکاہے.کہنے کو سو بہانے ہیں کہ سچ بول کر نقصان ہوتا ہے ہم اپنی مرضی کا کام نہیں کرسکتے یا فلاں کو جواب نہیں دے سکتے وغیرہ وغیرہ
یہ سب ثانوی رہ جائے گا اگر آپ سچ بولنا شروع کردیں.بس ایک بار شروع کردیں.