لاہور (پ ر) استحکام پاکستان پارٹی نے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کو آزادجموں کشمیر کا پارٹی صدر تعینات کر دیا۔ استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عامر کیانی نے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین اور مرکزی صدر علیم خان کی منظوری سے اس تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ سردار تنویر الیاس خان نے پارٹی قیادت کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے کہا کہ آزاد کشمیر و مقبوضہ کشمیر کے تمام لوگ 14 اگست کو یوم آزادی بھرپور انداز میں منائیں۔ تقسیم ہندوستان کے وقت ہی کشمیریوں نے پاکستان میں شامل ہونے کا فیصلہ کر دیا تھا، اس فیصلے پر ہم اپنی لیڈرشپ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

زادکشمیر کے لوگ پاکستانی ہیں اور ہم نے ملکر مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرانا ہے. پاکستان پوری دنیا کے مسلمانوں کیلئے امید کی کرن ہے، آئیں ملکر اپنے ملک کو استحکام دیں.سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ انشاء اللہ جلد ہی سرینگر اور جموں میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم ہرایا جائے گا،وہ دن دور نہیں جب سرینگر میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ مل کر 14 اگست بنایا جائے گا،سردار تنویر الیاس تنویر خان نے کہا کہ ہمیں آزادی کے دن عہد کرنا ہو گا کہ پاکستان کا جھنڈا دنیا میں بلند کرنا ہے۔ یاد رہے کہ سردار تنویر الیاس خان 2018ء کے انتخابات سے قبل صوبہ پنجاب کی عبوری کابینہ میں وزیر اور حکومت سازی کے بعد پنجاب سرمایہ کاری اینڈ ٹریڈ بورڈ کے چیئرمین اور وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی بھی رہے۔
سردار تنویر الیاس خان نے 2021ء میں باضابطہ طور پر آزادکشمیر کی سیاست میں حصہ لیا ، پی ٹی آئی آزادکشمیر کے صدر بھی رہے۔ سردار تنویر الیاس نےآزادکشمیر کی الیکشن مہم کی قیادت کرتے ہوئے پارٹی کو 2021 کے الیکشن میں سادہ اکثریت سے کامیابی دلائی اور خود بھی وسطی باغ کی نشست سے الیکشن جیتے۔ سردار تنویر الیاس آزادکشمیر میں ایک سال سینئر موسٹ وزیر اور قریبا ایک سال وزیر اعظم آزادکشمیر رہے۔ سردار تنویر الیاس خان نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی پالسییوں سے اختلافات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو الوداع کہہ دیا تھا۔ سردار تنویر الیاس خان استحکام پاکستان پارٹی کے بانی رہنماء اور ممبر ایگزیکٹو کمیٹی بھی ہیں.