ورلڈکپ 2023 کیلئے کوالیفائی نہ کرنے والی ویسٹ انڈیز ٹیم نے بھارت کو پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-2 سے جیت لی۔ویسٹ انڈیز کے لاؤڈرہل میدان میں کھیلے گئے سیریز کے فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کا آغاز مایوس کن رہا ،اوپنرز 17 رنز پر پویلین لوٹ گئے ،اس کے بعد سوریا کمار یادیو نے 61 رنز کی اچھی اننگز کھیلی لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرتی رہیں۔
تاہم بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 165 رنز بنائے۔جواب میں ویسٹ انڈیز کے اوپنر برینڈن کنگ نے شاندار بیٹنگ کی ، کیل مائرز تو 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے لیکن کنگ نے کسی بھارتی بولر کو نہ بخشا۔نکولس پورن نے بھی کنگ کا بھرپور ساتھ دیا ، پورن 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے لیکن برینڈن کنگ اسکور کرتے رہے۔
بارش کے باعث کھیل روکنا بھی پڑا لیکن جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو کنگ نے شائی ہوپ کے ساتھ مل کر ہدف 18 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پر پورا کر دیا اور اپنی ٹیم کو 5 میچز کی سیریز 3-2 سے جتوادی۔برینڈن کنگ نے 55 گیندوں پر 85 رنز کی ناقابل اننگز کھیلی جبکہ شائی ہوپ نے 22 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ رواں سال آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شکست کے بعد ویسٹ انڈیز اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈکپ کے لیے پہلی بار کوالیفائی نہیں کرسکا تھا۔اس کے علاوہ 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی ویسٹ انڈیز ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہی باہر ہوگئی تھی۔ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا اور ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا۔