اسلام آباد( سٹاف رپرٹر،سٹیٹ ویوز) یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے استحکام پاکستان پارٹی آزاد جموں کشمیر کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد، سابق وزیراعظم و صدر استحکام پاکستان پارٹی سردار تنویر الیاس خان پارٹی کارکنان کی ایک بڑی ریلی کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ پہنچے اور پرچم کشائی کی۔

سابق وزیراعظم آزادکشمیر و صدر آئی پی پی سردار تنویر الیاس خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ خوبصورت تقریب ہمارے ملک کی 77 ویں جشن یوم آذادی کے طور پہ منائی جا رہی ہے، کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہم کشمیری بائے چوائس پاکستانی ہیں، کشمیر کے لوگوں کا حق ہے سیاسی و جمہوری طریقے سے آگے بڑھیں اور اپنے ملک کو مضبوط کریں، ہماری پارٹی ہر طرح کے استحکام کیلئے کوشاں ہے۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ملک کی سلامتی کے ضامن قومی ادارے آزادکشمیر کی صورت حال کا نوٹس لیں، آزاد کشمیر کے اس خطےمیں کسی کی بدمعاشی نہیں چلنے دی جائے گی۔ اس سے پہلے کہ لوگ ایوان وزیراعظم میں گھس کر ڈمی وزیر اعظم کو جوتے ماریں، ہمارے اداروں کو توجہ دینی ہو گی۔

انتقامی حکومت نے نظام کو مفلوج کر دیا ہے، یہ شخص جیسے حکومت کر رہا ہے اس طرح انارکی پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پونچھ کی سرزمین کے عظیم شہداء سردار شمس، ملی خان اور ان مے ساتھیوں نے دنیا میں آزادی کی جدوجہد کے ایسے نقوش چھوڑے کہ مائیں شادی بیاہ میں آج بھی ان کے گیت گاتے ہیں ، پونچھ حرمت اور غیرت کا نام ہے، پونچھ کی سرزمین کو شورش کی زمین بنایا جا رہا ہے،لوگوں میں بے چینی پھیلائی جا رہی ہے۔ پونچھ کا جہاں ایک آدمی کھڑا ہوتا ہے وہاں سے سیاست شروع ہوتی ہے، اے کے رجمنٹ جب ضم ہوئی تو پونچھ والوں نے بے شمار سختیاں برداشت کی لیکن ملک کے خلاف کھڑے نہیں ہوئے۔
سابق وزیراعظم و صدر استحکام پاکستان پارٹی سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ گزشتہ سال ہماری حکومت کے دوران جشن آزادی کا سب سے بڑا پروگرام منعقد ہوا تھا، سب نے اس پروگرام کی ستائش کی، آزادی کی قدر ان سے پوچھیے جن کو یہ نعمت میسر نہیں ، مسلح افواج دن رات ملکی سلامتی کے لئیے سینہ سپر ہے، پوری قوم یہ ایمان رکھتی ہے کہ یہ افواج ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گی، یہ فوج ہماری ہےاور اس وطن کیلئے ہماری مسلح افواج نے لازوال قربانیاں دیں، ہم اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

نہرو نے کہا تھا کہ اگر ہمیں جناح کی صحت کا معلوم ہوتا تو تقسیم ہندوستان کا پلان 6 ماہ یا سال آگے کرتے پھر دیکھتے مسلمان کیسے ہندوستان سے الگ ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے دور میں صوفیاء اکرام نے جوق درجوق ہندوستان کا رخ کیا ، ہندوستان کی سرزمین نے ابراہیم لودھی، ٹیپو سلطان جیسے سپوت پیدا کیے، جنیں رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا ، ہندوستان میں جب آذادی کی تحریک چلی تو مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا گیا، انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم کا حلف اٹھانے پہ مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ قبل ازیں صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کو روایتی انداز میں بگی پر بٹھا کر ایک بڑی ریلی کی شکل میں انکی رہائش گاہ سے مرکزی سیکریٹریٹ تک لایا گیا۔
تقریب سے سابق معاون خصوصی ہمراہ وزیراعظم سردار امتیاز شاہین،سابق پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید،سابق معاون خصوصی سردار افنان نواز،سابق چئیرمین پی ڈی اے سردار ارشد نیازی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، صحافیوں اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پر پرچم کشائی کی گئی اور پاکستان و آزاد کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔