مظفرآباد ( سٹیٹ ویوز) مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآباد کے زیر اہتمام عظیم الشان عالمی محفل حسن قرات 17 اگست بروز جمعرات بعد از نماز عشاء یونیورسٹی گراونڈ میں منعقد ہو گی، محفل حسن قرات میں مصر، تنزانیہ، انڈونیشیا اور پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ قراء حضرات اپنی خوش الحان آواز میں کلام الٰہی کی تلاوت کی سعادت حاصل کریں گے، محفل حسن قرات بعد از نماز عشاء ٹھیک ساڑھے نو بجے شروع ہو جائے گی۔
عالمی محفل حسن قرات کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ محفل پاک میں خواتین کے لیے باپردہ انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ دینی مدارس کے طلباء و اساتذہ سمیت ہر شعبہ زندگی کے افراد شریک ہوں گے۔ مرکزی سیرت کمیٹی کی دعوت پر جماعت اسلامی، جمعیت اہل حدیث، جمعیت علماء اسلام، دعوت اسلامی، تبلیغی جماعت سمیت جملہ علماء، اساتذہ و طلباء، وکلاء، صحافیوں سمیت ہر شعبہ زندگی کے افراد کو عالمی محفل حسن قرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر عتیق احمد رضا، سرپرست اعلیٰ صاحبزادہ محمد عتیق جھاگوی، سینئیر نائب صدر علامہ میاں محمد بشیر نقشبندی، سیکرٹری جنرل خرم شہزاد، نائب صدور خواجہ نذیر احمد مانکنو، شیخ نذیر احمد، امجد سلیمان اعوان، حافظ قاری عبدالوحید، فیصل جمیل کاشمیری، محمد فاروق خواجہ، قاضی سہیل احمد، مظہر گیلانی، سہیل احمد قادری، حسنین مصطفائی اور محمد سفیر رضا نے عالمی محفل حسن قرات کے حوالے سے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد سے ملاقاتیں کرکے عالمی محفل حسن قرات میں شرکت کی دعوت پیش کی۔
علماء کرام، سیاسی و سماجی رہنماؤں، تاجر برادری اورشہریوں نے مرکزی سیرت کمیٹی کی جانب سے عالمی محفل حسن قرات کے انعقاد کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے بھرپور تعاون اور شرکت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر عتیق احمد رضا نے کہا کہ اسلام دشمنوں کی سازشوں کا قلع قمع کرنے کے لیے مسلم امہ کو قرآن اور صاحب قرآن ﷺ سے اپنا تعلق مضبوط بنانا ہوگا۔
مسلمان جس قدر قرآن کریم سے محبت کریں گے اور قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں گے، اسلام دشمن اتنا ہی اسلام کی طرف مائل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کی حیثیت سے ہم سب پر لازم ہے کہ ہم اپنے آفاقی دین، دین ِ اسلام پر عمل پیرا ہوں اور تفرقہ بازی نہ کریں، انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو حقیقی معنوں میں امت واحدہ کے تصور کو فروغ دینا ہوگا اورآپسی تفرقات اور تنازعات کو ختم کر کے صاحبِ قرآن علیہ الصلوٰۃ والسلام اور قرآن کریم سے محبت کا عملی اظہار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی محفل حسن قرات سے اللہ کریم کی رحمتوں کا نزول ہوگا، اساتذہ اور طلباء کو قرات کے مختلف انداز سیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔