مظفرآباد: ضلعی انتظامیہ کی کاروائیو ں کے خلاف پٹرول پمپ مالکان نے ہڑتال کر دی

33

مظفرآباد ( فیصل جمیل کشمیری، سٹیٹ ویوز)پٹرول پمپ مالکان نے اے ڈی سی مظفرآباد کے جارحانہ رویے پر تمام پمپ بند کر دئیے۔شہریوں، سرکاری افسروں سمیت سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شہر بھر میں گاڑیوں کی طویل لائنیں لگ گئیں،

پٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ ہم باعزت روزگار کے لیے گھروں سے آتے ہیں جبکہ اے ڈی سی نے دفتر بلا کر ہمیں دھمکیاں دی ہیں، ہم پٹرول ذخیرہ نہیں کرتے بلکہ جونہی موصول ہوتا ہے بیچ دیتے ہیں،

پٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ذمہ دار نواز مظفر کا کہنا ہے کہ میرے ایک انٹرویو پر اے ڈی سی نے دفتر بلا کر مجھے بے عزت کیا اور کہا کہ پٹرول پمپ سیل کر دیں گے، میں نے جواباً بتا دیا ہے کہ ہم پورے آزاد کشمیر میں ہڑتال کر دیں گے اور مظفرآباد میں پٹرول پمپ بند کر دئیے ہیں۔

پٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندے نواز مظفر نے پٹرول پمپس کے خلاف انتظامیہ کے اقدامات کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے انتظامی افسران کے رویے کو ہتک آمیز قرار دیا۔ اس حوالے سے سٹیٹ ویوز سے گفتگو کرتے ہوئے سول سوسائٹی مظفرآباد کے صدر راجہ آفتاب نے کہا کہ پٹرول پمپس مالکان نے 14 اور 15 اگست کو مظفرآباد میں پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کر دی تھی جس باعث شہر میں ہزاروں لوگوں کو پٹرول اور ڈیزل میسر نہ ہو سکا۔
مصنوعی قلت پیدا کرنے کا مقصد پٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے بھرپور استفادہ حاصل کرنا تھا جس سے پمپس مالکان ہر مرتبہ کروڑوں روپے کما لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کے باعث اہلیان مظفرآباد کو بار بار پٹرول کی مصنوعی قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔

علاوہ ازیں مظفرآباد میں کسی بھی پٹرول پمپ سے خالص اور درست مقدار میں پٹرول دستیاب نہیں ہوتا جس کی ذمہ داری محکمہ صنعت و حرفت پر بھی عائد ہوتی ہے۔

دوسری طرف انتظامیہ نے پٹرول پمپ مالکان کو بلا کر تنبیہ کی ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزی ترک کریں اور عوام الناس کو منافع کی لالچ میں دربدر ہونے پر مجبور نہ کریں۔ اس حوالے سے مظفرآباد کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجہ صداقت نے کچھ پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی بھی کی ہے جس کے خلاف مظفرآباد میں پٹرول پمپ مالکان نے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں