31 اگست کو بجلی بلات کے خلاف مظفرآباد ڈویژن میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام کا اعلان

19

مظفرآباد ( سٹیٹ ویوز، بیورورپورٹ)دریائے نیلم کا رخ غیر قانونی طور پر تبدیل کر دیا گیا ہے۔ واپڈا نے آزاد کشمیر ہائیکورٹ کا فیصلہ پس پشت ڈال رکھا ہے۔ ہائیڈرو پاور پراجیکٹس پر بغیر معاہدہ کیے بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ عدالت العالیہ کے فیصلہ کی چار سال سے توہین ہو رہی ہے۔ مظفرآباد میں پینے کا پانی ختم ہو گیا ہے۔

واٹر باڈیز، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ کا کچھ اتہ پتہ نہیں ہے۔ آزاد کشمیر کے ممبران اسمبلی نے غیرت پر مراعات کو ترجیح دے دی ہے۔ ہم ان وزیروں مشیروں کی مراعات کو عدالت میں چیلنج کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار راجہ امجد علی خان ایڈووکیٹ نے مظفرآباد سے منتخب کردہ کاؤنسلرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر منتخب نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی انجمن تاجران مظفرآباد شوکت نواز میر نے کہا کہ مظفرآباد کے شہریوں نے عوامی ایکشن کمیٹی کے نام سے پلیٹ فارم ترتیب دیا ہے جس کے تحت 31 اگست کو پورے ڈویژن میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہو گا۔ بجلی کے ہوش ربا بلات ادا کرنا ممکن نہیں رہا، حکمران اپنی عیاشیاں ترک کرنے پر تیار نہیں ہیں،

ایک طرف آٹے کا بحران پیدا کر دیا گیا ہے جبکہ دوسری طرف سابق وزراءاعظم کو ڈھائی کروڑ روپے کی فارچونرز خرید کر دی جا رہی ہیں، مظفرآباد کے لوگوں سے وعدہ کر کے وعدہ خلافی کی گئی جس پر بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔

ہائیکورٹ بار کے سابق صدر ہارون مغل اور سابق صدر بار ایسوسی ایشن فضل محمود بیگ نے کہا کہ ہائیکورٹ نے واپڈا کو پابند کیا کہ مظفرآباد میں گریٹر واٹر سپلائی سکیم، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ پراجیکٹ، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹر باڈیز بنائے لیکن واپڈا نے ایک کام بھی نہیں کیا۔ مظفرآباد کے لوگ جانور نہیں بلکہ انسان ہیں اور انسان اپنا حق چھیننا جانتے ہیں۔

اس دوران مئیر مظفرآباد سید سکندر نثار گیلانی نے کہا کہ مظفرآباد کے حقوق کا دفاع کرنا منتخب نمائندوں کا کام ہے، ہم ہر قسم کی سیاسی وابستگی سے بالا ہو کر شہریوں کے مسائل حل کروائیں گے۔ مظفرآباد میں سلاٹر ہاؤس اور سالڈ ویسٹ پراجیکٹ لگوانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم دریا بچاؤ کمیٹی اور عوامی ایکشن کمیٹی کی ہر کال کو اپنی کال سمجھتے ہیں۔ مظفرآباد کے حوالے سے کسی معاملہ میں پیچھے نہیں رہیں گے۔

اجلاس سے بلدیہ کاؤنسلرز ملک عنایت، انجم زمان اعوان، سردار مظہر اللہ، راشد اعوان اور ریاض مغل نے بھی گفتگو کی۔ اس دوران عوامی ایکشن کمیٹی کے نوجوان رہنما راجہ صہیب جاوید، راجہ طلعت صادق، صغیر احمد، اکمل جرال اور سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ مظفرآباد خواجہ اعظم رسول کے علاوہ وقار کاظمی ایڈووکیٹ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حکومت کو تنبیہ کی کہ اگر لوگوں کے مسائل کو حل نہ کیا گیا تو 31 اگست کے بعد پورے آزاد کشمیر میں تحریک کو لے جایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں