31 اگست کے شٹرڈاون اور پہیہ جام کے بعد آزاد کشمیر بھر سے مزاحمت کا آغاز ہو گا۔ عوامی ایکشن کمیٹی

26

مظفرآباد ( سٹیٹ ویوز، بیورورپورٹ)ملک کا عیاش حکمران طبقہ لوگوں کی چمڑی اتارنے کے درپے ہے، ہم بجلی کے ظالمانہ بلات ادا نہیں کر سکتے، مقتدر طبقہ اپنی عیاشیاں ختم کرے، 31 اگست کے بعد پورے آزاد کشمیر میں مہم شروع کریں گے، حکمرانوں اور عیاشوں کی گاڑیاں روکیں گے، اگر ہمارے مطالبات کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو پورے خطے میں سول نافرمانی تحریک کا آغاز ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار پلیٹ مظفرآباد میں عوامی اجتماع سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے ذمہ دار اور وارڈ 19 کے منتخب کاؤنسلر ذوالفقار بیگ نے کیا۔

اجتماع سے عوامی ایکشن کمیٹی مظفرآباد کے رہنماؤں راجہ امجد علی خان ایڈووکیٹ، شوکت نواز میر، انجم زمان اعوان، محمود بیگ، شبیر اعوان، ندیم قریشی، مجتبیٰ بانڈے، راجہ شان نے کہا کہ 31 اگست کو مظفرآباد کے لوگ مقتدر طبقے کو یہ باور کروا دیں گے کہ یہ ملک ان کی غنڈہ گردی اور عیاشیوں کے لیے نہیں بنایا گیا۔

یہ نہیں ہو سکتا کہ وہ لوگ مزے کریں اور لوگ مہنگائی کا عذاب بھگتیں۔ لاکھوں روپے تنخواہ لینے والوں کو بجلی پٹرول مفت مل رہا ہے جبکہ چند ہزار کمانے والا بجلی کے مہنگے بل بھرنے پر مجبور ہے۔ پاکستان میں گندم کی بمپر کراپ کے باوجود یہاں آٹے کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔

مظفرآباد میں لوہار گلی اور کوہالہ ہر وقت بند رہتے ہیں جس باعث پاکستان سے آزاد کشمیر کا رابطہ منقطع ہو جاتا ہے۔ دریائے نیلم کا رخ تبدیل کر کے مظفرآباد کو تباہ کرنے کی سازش رچائی گئی ہے، نہ یہاں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگے، نہ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ پراجیکٹ لگا، نہ گریٹر واٹر سپلائی سکیم شروع ہوئی اور نہ واٹر باڈیز تعمیر ہوئیں۔

سارے شہر کا ماحول حکومت نے خود تباہ کیا ہے اور اب ہماری زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں۔ 31 اگست کے بعد پورے آزاد کشمیر میں سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں