پونچھ ڈویژن میں 05 کلیدی اسامیاں دینےپر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر پونچھ نے وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کو سراہا دیا

47

راولاکوٹ(سٹیٹ ویوز) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر پونچھ نے پونچھ ڈویژن میں 05 کلیدی اسامیاں دینے اور نوٹیفکیشن کے اجراء پر وزیراعظم آزادکشمیر اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعظم کے اس انتظامی پیکج سے اس ڈویژن کی تقدیر بدل جائے گی۔

جمعرات کو یہاں غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں سابق وزیر حکومت و پارٹی کے مرکزی رہنما عابد حسین عابد، میونسپل کونسلر و پی پی پی پونچھ کے صدر سردار عامر خورشید، سابق مشیر حکومت و پی پی پی حلقہ صدر سردار حمید افضل ایڈووکیٹ، بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر و پارٹی کے رہنما راجہ اعجاز ایڈووکیٹ ،چیئرمین یونین کونسل علی سوجل سردار تصدیق حسین،وائس چیئرمین ضلع کونسل پونچھ سردار امتیاز ،سردار وحید خان کونسلر و صدر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن پونچھ، صدام خان ایڈووکیٹ نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تین چیف انجینئرز اور دو ڈویژںل ڈائریکٹرز کی اسامیوں کو تخلیق کر کے ان کا نوٹیفکیشن کرنے سے ہمارے لوگوں کے خاص کر کے غریب افراد کے مسائل حل ہوں گے اور وہ لوگ جو ان دفتروں کے چکر میں اضافی بوجھ برداشت کرتے تھے سے نجات ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کچھ آسامیاں ڈویژن کا حق تھا لیکن چیف انجینئرز کی آسامیاں ڈویژن سے بڑھ کر ہیں۔ان اسامیوں کی تخلیق اور نوٹیفکیشن کروانے پر جہاں وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے شکر گذار ہیں وہاں سابق وزیراعظم حاجی یعقوب خان سمیت ان تمام احباب کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اس حوالے سے اپنا حصہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کی تعمیر و ترقی میں حاجی یعقوب خان کا کردار سب سے زیادہ ہے۔ ان رہنماوں نے نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ جب عابد حسین عابد کے پاس اختیار تھا تب بھی انہوں نے اپنی بساط کے مطابق بڑھ چڑھ کر کام کیے۔

چیف انجینئرز کی اسامیوں کی تخلیق کے بعد اس ڈویژن کی تقدیر بدل جائے گی۔ ڈویژن کے فنڈز میں اضافہ ہو گا۔پیپلزپارٹی کے رہنماوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اس ڈویژن کی محرومیوں کو ختم کرنے کے لیے بڑے ترقیاتی پیکج کا بھی اعلان کریں اور آزاد کشمیر بھر میں بجلی کے زائد ٹیکسز اور دیگر ایشوز کو لے کر جو احتجاج ہو رہے ہیں ان مسائل کو حل کرنے خاص کر بجلی کے بلوں کے حوالے سے اس مسلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے با اختیار کمیٹی تشکیل دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں