اسلا م آباد( سٹیٹ ویوز)کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء منظور احمد ڈار نے کہاہے کہ 6ستمبر یوم دفاع پاکستان ہندوستان کی جارحیت کے خلاف تجدید عہد کا دن ہے،ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیرکی آزادی کا ضامن ہے ،آج 6ستمبر 1965کی طرح یک جان اور یک زبان ہوکر کشمیر کی آزادی کے لیے کردار ادا کر نے کی ضرورت ہے ،یوم دفاع و شہداء پاکستان پر اپنے پیغام میںحریت رہنماء نے کہاکہ دفاع پاکستان کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سرفروشوں کی عظمت کو پوری کشمیری قوم زبردست خراج عقیدت اور سلام بھی پیش کرتی ہے۔
خونی لکیر کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری افواج پاکستان کو اپنی محافظ فوج سمجھتے ہیں جبکہ ہندوستان کی فوج کشمیریوں کیلئے نفرت کی علامت ہے۔پاک فوج وطن کے دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے اور وہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ 1965میں پاکستان کے عوام اور افواج پاکستان نے بیرونی جارحیت کے خلاف ایسی مزاحمت کی تھی جس کے نتیجے میں دشمن کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور اس لحاظ سے یہ دن قومی اتحاد کا نشان بن چکا ہے۔
ستمبر1965کی جنگ دراصل ایک چیلنج تھی جس کو قوم نے قبول کیا اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنے سے کئی گنا بڑی طاقت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان ایک یاد گار دن ہے اس روز پاکستان کی قوم نے ملی وحدت، یکجہتی اور حب الوطنی کا ایسا شاندار مظاہرہ کیا کہ آنے والی نسلیں بھی بجا طور پر اس پر فخرکرتی رہیں گی۔منظور احمد نے کہاکہ6 ستمبر1965اور اس کے بعد آنے والے چند دنوں میں پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے حملہ آور کا غرور خاک میں ملا دیا اور اسکے نا پاک عزائم پاش پاش کردیئے۔
انہوں نے کہا کہ ستمبر 1965کے واقعات ہمارے لیے قابل فخر ہی نہیں ایمان افروز اور سبق اموز بھی ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج نے شجاعت قربانی اور ایثار کے ساتھ ساتھ اعلی جنگی مہارت،حکمت عملی اور نظم و ضبط کے ایسے مظاہرے پیش کیے جن کی مثالیں دنیا کی تاریخ میں کم نظر آتی ہیں۔حریت رہنماء نے کہاکہ کشمیری آج بھی پاکستان کی سلامتی ،استحکام اور تکمیل کی جنگ لڑرہے ہیں،تحریک آزادی کشمیردراصل تحریک پاکستان ہی کا تسلسل ہے، کشمیر ی اس وقت پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں جس نے ہمیشہ سے ان کے جدوجہد کی حمائت کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام نے اپنے حق کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیںاور وہ مثالی جدوجہد کررہ ہیں، کشمیری عوام بھارتی فوجی مظالم کا بڑی پامردگی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ان کے حوصلے بلند ہیں انشااللہ وہ دن دور نہیں جب وہ اپنی آزادی کی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔