پہلا ٹی ٹوئنٹی: 227 کے تعاقب میں پاکستان کے تین کھلاڑ ی پویلین لوٹ‌گئے

پاکستان کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 227 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور محمد رضوان نے کیا تاہم 33 کے مجموعے پر صائم ایوب 8 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

محمد رضوان بھی 25 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ فخر زمان نے 15 رنز اسکور کیے۔ قبل ازیں آکلینڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے فن ایلن اور ڈیوڈ کونوے نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسری ہی گیند پر شاہین آفریدی نے ڈیوڈ کونوے کو کیچ آؤٹ کرا دیا تاہم اننگز کے تیسرے اوور میں شاہین آفریدی نے 24 رنز دیے۔

فن ایلن عباس آفریدی کا شکار بنے انہوں نے 15 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 34 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں عباس آفریدی نے آؤٹ کیا۔ پاکستانی فیلڈرز کی جانب سے کئی آسان کیچز ڈراپ کیے گئے اور مس فیلڈنگ کی گئی جس کا کیوی بیٹرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 128 رنز پر گری جب کین ولیمسن 57 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 9 چوکے شامل تھے۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ گلین فلپس کی صورت گری جب عباس آفریدی کی گیند پر بابر اعظم نے انھیں صرف 19 رنز پر کیچ آؤٹ کردیا ، اس کے بعد پچ پر موجود ڈیرل مچل 61 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، ڈیرل نے 27 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔جس کے بعد نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیمپن نے 26، ایڈم ملن 10 اورٹم سوتھی کو صرف 6 رنز پر آؤٹ ہوگئے جبکہ ایش سودھی اور میٹ ہینری صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا پچ بولنگ کے لیےسازگار ہے اس لیے پہلےبولنگ کو ترجیح دی، کوشش ہو گی کہ نیوزی لینڈ کو کم سے کم رنز تک محدود کر سکیں۔پاکستان کی جانب سے اسامہ میر اور عباس آفریدی ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کر رہے ہیں، پاکستان کے اسپن بولنگ کوچ سعید اجمل اور فاسٹ بولنگ کوچ عمر گل نے دونوں کھلاڑیوں کو ڈیبیو کیپ پہنائی۔