کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر وپاکستان شاخ کے کنوینر اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے بدنام زمانہ بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹED کی طرف سے حریت رہنماوں اور ازادی پسند کارکنوں کی جائیدادواملاک کو ضبط کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔محمود احمد ساغر نے بدنام زمانہ ای ڈی حکام کی کارروائی کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں جائز سیاسی آوازوں کو کچلنے کیلئے مودی حکومت کی وسیع تر جابرانہ مہم کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حریت رہنماوں اور ازادی پسند کارکنوں کی جائیدادواملاک کی ضبطی اب قابض بھارتی حکام کیلئے دہشت گردی کا ایک نیا ذریعہ بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام جنہوں نے فاشسٹ مودی حکومت کے ا حکامات پر عمل کرنے سے انکار کرکے اپنی تحریک ازادی کو جاری و ساری رکھا ہے،کو اسی کی پاداش میں سزا دی جارہی ہے۔محمود احمد ساغر نے کہا کہ حریت رہنمائوں بشمول ظفر اکبر بٹ، قاضی یاسر اور دیگر رہنمائوں کی جائیداد کو بدنام زمانہ بھارتی ایجنسی ای ڈی کی جانب سے ضبط کرنا حریت رہنماوں کے عوامی امیج کو خراب کرنے کی مذموم اور ناکام کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے کشمیری عوام کو ان کے اس عظیم مقصد کے حصول سے روک نہیں سکتے جس کیلئے انہوں نے بے مثال اور لازوال قربانیاں دی ہیں،اور آج بھی قربانیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے۔محمود احمد ساغر نے شہدا کے مشن کو آگے بڑھانے کے کشمیری عوام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جبر اور سفاکانہ پالیسی بھارت کو کشمیری عوام کو مزید یرغمال بنانے میں مدد نہیں دے گی۔