169

رات گئے 18سال سے کم عمر افراد کے لیے انسٹاگرام استعمال کرنا مشکل ہو گیا

انسٹا گرام وہ فوٹو شیئرنگ ایپ ہے جس کا استعمال نوجوان سب سے زیادہ کرتے ہیں اور دن رات اس میں مصروف رہتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ میٹا کی جانب سے انسٹا گرام کے 18 سال سے کم عمر صارفین کو رات گئے تک جاگ کر ایپ کے استعمال سے روکنے کے لیے ایک نیا ٹول متعارف کرایا ہے۔

انسٹاگرام میں ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کے اکاؤنٹس پر ایک نوٹیفکیشن بھیج کر انہیں رات گئے تک ایپ کے استعمال سے روکا جائے گا۔انسٹاگرام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رات دیر تک ایپ کا استعمال کرنے والے کم عمر نوجوانوں کو ایک نوٹیفکیشن بھیجاجائے گا جس میں نوجوانوں کو سونے کا مشورہ دیا جائے گا اور یہ نوٹیفکیشن ہر10 منٹ بعد نوجوانوں کو موصول ہوگا۔انسٹاگرام نے یہ بھی بتایا کہ یہ نوٹیفکیشن ریلز دیکھنے اور ڈائریکٹ میسج کرنے والوں کو بھیجا جائے گا۔

نئے نوٹیفکیشن کا مقصد
کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ نیا فیچر نوجوانوں کو رات دیر تک جاگنے سے روکنے اور جلد سونے کی عادت ڈالنے کیلئے متعارف کرایا گیا ہے۔رات 10 بجے کے بعد نوٹیفکیشن کم عمر صارفین کو بھیجا جائے گا۔اس سے قبل میٹا کی جانب سے فیس بک اور انسٹا گرام پر نئی پالیسیوں کے تحت 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے خودکشی، خود کو نقصان پہنچانے اور ایٹنگ ڈس آرڈرز (eating disorders) جیسے حساس مواد تک سرچ اور ایکسپلور جیسے فیچرز کے ذریعے رسائی کو مشکل بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کمپنی کی جانب سے یہ اقدامات اس وقت کیے جا رہے ہیں جب اسے مختلف ممالک کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔میٹا پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس کی ایپس سے نوجوان نسل ذہنی صحت کے بحران کا شکار ہو رہی ہے۔اسی لیے اکتوبر 2023 میں امریکا کی 33 ریاستوں نے میٹا کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ میٹا کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے خطرات کے حوالے سے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔یورپین کمیشن کی جانب سے بھی میٹا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ واضح کرے کہ بچوں کو غیر قانونی اور نقصان دہ مواد سے تحفظ کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں