کشمیری عوام بھارت کا نام نہاد یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ شبیر احمد شاہ

73

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر حریت رہنما اور چیئرمین جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (DFP) شبیر احمد شاہ نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں نظر بند کشمیری رہنما نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ 26 جنوری کو یوم احتجاج منائیں تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ ان کے مادر وطن پر بھارت کا غیر قانونی اور زبردستی قبضہ انہیں قبول نہیں ہے۔

“وہ ملک جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں موت اور تباہی میں بری طرح ملوث ہے اور لاکھوں کشمیریوں کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنائے ہوئے ہے اسے یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے”، انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارت غاصب ہے جس نے ہمیشہ ظلم و ستم کا مظاہرہ کیا ہے’ کشمیری عوام کی امنگوں کو فوجی بوٹوں تلے روندنے کے علاوہ انہیں گزشتہ 76 برسوںں سے غیر قانونی فوجی قبضے میں رکھا۔

جناب شاہ نے کشمیری عوام کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ جاری آزادی کی جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’کشمیری عوام جنہوں نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران بے مثال قربانیاں دی ہیں وہ ہر محاذ پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک کہ وہ بھارتی قبضے سے آزادی کا اپنا اہم مقصد حاصل نہیں کر لیتے‘‘۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں