5 فروری یوم یکجہتی کشمیر پورے جوش و جذبے سے منائیں گے،صدرمتحدہ انجمن تاجران میرپور

46

میرپور(سٹیٹ ویوز)متحدہ انجمن تاجران میرپور کے صدر،سابق صدر چیمبر آف کامرس و تنظیم تاجران آزاد جموں وکشمیر کے سینئر نائب صدر سہیل شجاع مجاہد نے کہاہے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر پورے جوش و جذبے سے منائیں گے، 1990ء سے منایا جانے والا یوم یکجہتی کا یہ دن انتہائی اہمیت رکھتاہے۔ اس دن اندورن و بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارے ساتھ والہانہ محبت کااظہارکرتے ہیں ،جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔

سہیل شجاع مجاہد نے کہاکہ اس مرتبہ 5 فروری کے دن کی اہمیت بڑھ گئی ہے، ہندوستان کے کھٹ پتلی سپریم کورٹ نے حکومت کے غیرقانونی۔ غیرانسانی اور غیراخلاقی اقدام کو درست قرار دےکر مقبوضہ کشمیر کے عوام پر عرصہ حیات مزید تنگ کردیاہے اور مقبوضہ وادی میں ظلم وستم کے پہاڑ ڈھائے جارہے ہیں، 5 فروری کا دن ہم سے یہ تقاضا کرتاہے ہم اس دن مثالی یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور اقوام عالم کو یہ پیغام دیں کے کشمیرکی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

بھارت زیادہ دیر تک اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا اس کے ناپاک عزائم خاک میں مل جائیں گے، کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے اور منزل قریب ہے۔ انہوں نے کہاکہ 5 فروری کے بعد ہم عوامی مسائل کے حل ، بجلی آٹے، مہنگائی، ٹیکسسز کے خلاف ایک زبردست حکمت عملی سے تحریک چلائیں گے اور حکومت کو مجبور کریں گے کہ وہ ہمارے بنیادی مسائل حل کرے۔

حکومت آزادکشمیر کی بنیادی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ رعایا کو ریلیف دے ان کے مسائل حل کرے، فری بجلی اور پروٹوکول کلچر ختم ہونا چاہیے۔ سہیل شجاع مجاہد نے خبردار کیا کہ 5 فروری کا دن صرف یکجہتی کا دن ہے اس دن کی اہمیت کو سمجھا جائے ۔ ہماری سیاسی و مذہبی جماعتوں، وکلاء ، طلباء صحافی برادری اور سول سوسائٹی سے گزارش ہے کہ وہ 5 فروری کو بھرپور انداز میں منانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں اور اپنے ازلی دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں