مظفرآباد (سٹیٹ ویوز) بھارتی حکمرانوں کے ہاتھ مظلوم کشمیری عوام کے خون سے رنگین ہیں لہذا بھارت کو نام نہاد یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔کشمیری عوام اور بیرون ممالک میں مقیم کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پرمنائیں۔ان خیالات کا اظہارمتحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے جہاد کونسل کے خصؤصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے۔
انہوں نے کہا بھارت نے نہ صرف طاقت کی بنیاد پر کشمیری مسلمانوں کے حقوق غصب کئے ہیں بلکہ وہ بھارت میں رہنے والی تمام اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی بھی تذلیل کرتا ہے۔کشمیر ی عوام کے حقوق کی پامالی کے ساتھ ساتھ بھارت میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق بھی پامال ہورہے ہیں۔سید صلاح الدین احمد نے کہا بھارت سات دہائیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنا ناجائز فوجی تسلط جمائے ہوئے ہے اور اس دوران بھارتی ظالم ا فواج نے لاکھوں کشمیری مسلمانوں کاخون بہایاہے،ہزاروں بستیوں کو تاخت و تاراج کیا ،اربوں مالیت کی جائیداد و املاک کو نقصان پہنچایاہے.
ہزاروں نوجوانوں کو جیلوں کی زینت بنایاگیا،ہزاروں عفت مآب خواتین کی آبروریزی کی گئی ،مسلمان ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کیاجارہا ہے،رہائشی مکانات ضبط کئے جارہے ہیں،لوگوں کو گھروں سے بے دخل کیاجارہاہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔انہوں نے کہا ان سب مظالم کے باوجود عالمی طاقتیں خاموش ہیں اور مجرمانہ تماشائی بن بیٹھیں ہیں۔ متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کو مسترد کیاہے حالانکہ یہ قراردادیں آج بھی سلامتی کونسل میں موجودہیں،انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیرمیں قتل وغارت بند اور عالمی قوانین کی پاسداری کرانے پر مجبور اور یہاں ہونے والی انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا بھی نوٹس لیں تاکہ امن کی فضا قائم ہوسکے اور جنوبی ایشیاکا یہ خطہ کسی بڑی تباہی سے بچ جائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق،حق خودا رادیت کی جائز جد وجہد جاری رکھے گی،اللہ تعالی ضرور اس جد وجہد کو کامیابی سے ہمکنار کرے گا۔