ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن باغ سید افراز گردیزی نے کہا ہے کہ واپڈا کی طرف سے باغ گرڈ کے لیے غیر معیاری ٹرانسفارمر کی تنصیب کی کوشش افسوسناک ہے۔مبینہ طور پر 17کروڑ میں نیا ٹرانسفارمر فراہم کرنے کی بجائے ریپئرڈ ٹرانسفارمر کی وجہ سے باغ کے عوام شدید اذیت کا شکار ہوئے ۔
اس مجرمانہ غفلت کے مرتکب ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے. ان خیالات کا اظہار انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا جنوری کے مہینے میں باغ میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر رہا ۔محکمہ برقیات کا موقف رہا کہ نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب سے بجلی کی فراہمی بلا تعطل ہو گی.
جس کے لیے خصوصی شیڈول بھی جاری ہو ا لیکن اس کو عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہو سکا۔انھوں نے کہا کہ واپڈا کے جو لوگ اس عمل میں شریک تھے ان سے تحقیقات کی جائیں اور برقیات کی طرف سے دی جانے والی بریفنگز کا کو بھی نوٹس لیا جانا چاہیے ۔محکمہ برقیات اور واپڈا کی طرف سے یہ بدترین اور سنگین بد انتظامی کا مظاہرہ ہوا ہے۔اگر اصلاح احوال نہ ہوئی تو اس کے منفی نتائج برآمد ہوں گے